• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں بدھ اور جمعرات کو بھی تیز بارش ہوگی

Wednesday And Thursday Also Will Be Rain In Karachi
کراچی سے نقلی بادل بھاگ گئے، اصلی پانی والے بادل آگئے، روزے داروں کی دعائیں قبول ہوگئیں، شہر کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی ہے، بدھ اور جمعرات کو بھی تیز بارش کا امکان ہے۔

ایئرپورٹ اور اولڈ ایریا میں 31ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے، محکمہ موسمیات کہتا ہے کہ رات گئے تک بارش وقفے وقفے سے ہوتی رہے گی، بلکہ بدھ اور جمعرات کو بھی تیز بارش کا امکان ہے،جناب عالی، منتوں مرادوں کے بعد موسم تو بدلا لیکن، بارش آئی، بجلی گئی،حیدرآباد اور سندھ کے کئی دوسرے شہروں میں بھی تیز بارش ہوئی۔

کراچی والوں کا طویل انتظار تمام ہوا، تپانے والے سورج کو سرمئی بادلوں کی’شٹ اپ کال‘۔ پورے شہر میں بوندوں کا ٹھنڈا جل ترنگ بج اُٹھا،آگ برساتا موسم خوشگوار ہوتےہی پورا شہر خوشی سے جھوم اُٹھا،محکمہ موسمیات نے بارشیں جاری رہنے کی نوید سنادی۔

جلتے توے پر پانی ڈالا جائے تو ’’چُھن ن ن‘‘ کی آواز آتی ہے، کراچی میں آج بارش کی بوندیں گریں تو شروع میں ہر طرف سے ایسی ہی آوازیں آئیں۔

اس کی وجہ وہ گرمی تھی، جس نے گزشتہ چند دنوں سے شہر میں آگ لگا رکھی تھی، تاہم سرمئی بادل آئے تو تپانے اور جھلسانے والا سورج آن کی آن میں یوں ٹھنڈا پڑا، جیسے مشرقی شوہر، بیوی کا سامنا ہونے پر ہوتے ہیں۔

بوندوں کا قافلہ پہلے پہل، نارتھ کراچی اور سہراب گوٹھ میں بادلوں سے زمین پر اُترا، پھر دیکھتے ہی دیکھتے ناظم آباد،گلشن اقبال، یونیورسٹی روڈ، گلستان جوہر، لیاقت آباد، شارع فیصل،ایئر پورٹ، ملیر، گلشن حدید بھی برکھا رُت کے مزے لینے لگے، جبکہ شام ڈھلے تک پورے شہرسے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کی بھیگی بھیگی خبریں آنے لگیں،موسم نے رنگ بدلا، تو پورا شہر خوشی سے جھوم اُٹھا۔

بارش ہونے سے ایک طرف روزہ داروں کی مشکلیں آسان ہوئیں تودوسری طرف وہ لوگ بھی روزہ رکھنے کا سوچنے لگے، جو موسم کی سختی کے باعث روزہ رکھنے سے گریزاں تھے، محکمۂ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ اگلے چند روز تک جاری رہے گا۔

بارش کے باعث کئی مقامات پر ٹریفک جام ہوا تو بہت سے علاقے بجلی سے محروم ہوگئے، بعض مقامات سے درخت اور بل بورڈ گرنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔
تازہ ترین