• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سپر لیگ ٹو کا فائنل لاہور میں ہی ہوگا

Psl Decided To Interrupt The Final Lahore
پی ایس ایل ٹو کا فائنل لاہور میں ہی ہوگا، کراچی پہنچے یا لاہور، کوئٹہ پہنچے یا پشاور یا پھر اسلام آباد، کھیل 5مارچ کو قذافی اسٹیڈیم میں ہی جمے گا ۔

پی ایس ایل چیئرمین نجم سیٹھی کی زیر صدارت اہم اجلاس دبئی میں ہوا،جس میں پی ایس ایل کی پانچوں فرنچائز کے مالکان اور مینجمنٹ نے شرکت کی ،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ایس ایل ٹو کا فائنل پانچ مارچ کو لاہور ہی میں کروایا جائےگا۔

دبئی کی بڑی بیٹھک میں پانچوں ٹیموں کے مالکان متفق ہوگئے، کچھ غیر ملکی کھلاڑیوں نے آنے پر رضامندی بھی ظاہر کردی ۔

چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی کہتے ہیں کہفائنل لاہور میں کرانے پر پی ایس ایل انتظامیہ اور فرنچائز مالکان متفق ہیں،وزیراعظم، آرمی چیف اور تمام وزرائے اعلیٰ کو فائنل دیکھنے کے لیے دعوت دیں گے،وزیر اعظم کی دیگر مصروفیت ہیں، اگر ممکن ہوا تو وہ بھی اسٹیڈیم آئیں گے۔

یہ فائنل نہیں گرینڈ فنالے ہو گا، جو پاکستان میں کرکٹ کے دروازے کھولے گا۔

غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاکستان آنے کے لیے ترغیب دیتے ہوئے ہر غیر ملکی کھلاڑی کو پی ایس ایل فائنل کے لیے 10 ہزار ڈالرز اضافی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق متعدد غیر ملکی کھلاڑی فائنل کے لیے پاکستان آنے کو تیار ہیں، فائنل کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کی الگ سے ڈرافٹنگ کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے،پاکستان آنے پر رضامند کھلاڑیوں کا تعلق انگلینڈ، جنوبی افریقا، سری لنکا اور بنگلا دیش سے ہے۔

ذرائع کے مطابق نجم سیٹھی نے فرنچائز مالکان کو لاہور میں ہر ممکن سیکیورٹی اور بہترین انتظامات کی یقین دہانی کروائی ہے۔

ذرائع کے مطابق پشاور زلمی کےکپتان ڈیرن سیمی اور کرس جارڈن لاہور آنے کو تیار ہیں بلکہ 50کے لگ بھگ غیر ملکی کھلاڑیوں نے اس پر رضامندی ظاہر کی ہے، فائنل کےلیے کھلاڑیوں کی ری ڈرافٹنگ 22 فروری کو دبئی میں ہو گی۔

30ہزار دیوانوں کا اسٹیڈیم میں دما دم مست قلندر ہوگا،کروڑوں پاکستانی گھروں میں ٹیلے ویژن پر نظریں ٹکائیں گے، پل پل بدلتے گیم پر دھڑکنوں کو سنبھالیں گے، بلے چلیں گے، وکٹیں اڑیں گی، باؤنڈریز لگیں گی، کھیل جمے گا، پاکستان کے دل لاہور میں سپر لیگ کا میلہ سجے گا۔

قذافی اسٹیڈیم میں کرکٹ کی بازی جمے گی ،دیوانے جھومیں گے، متوالے ناچیں گے، سڑکوں پرسناٹا ہوگا ،میدان میں کھیل کا میلا سجےگا۔

فائنل میں مصباح کی اسلام آباد یونائیٹڈ آئے،یا سرفراز کی کوئٹہ گلیڈی ایٹر دھوم مچائے، میک کولم کی لاہور قلندر دھمال دکھائے، پشاور زلمی کے ڈیرن سیمی انوکھی سیلفیاں بنائیں، یا پھر کراچی کنگز اپنا جلوہ دکھائے،جیت کھیل کی ہوگی، کامیابی کرکٹ کو ملے گی، خوشیوں کی بہار پاکستانیوں کے چہروں پر سجے گی۔

جس کی نظر گیم سے ہٹی، سمجھو وہ گیم سے ہٹ گیا، بورڈ کا دماغ، فرنچائز کی ڈئیرنگ، پاکستان سپر لیگ گرینڈ فنالے، ٹرافی کوئی بھی اٹھائے، چیمپئن پاکستان کرکٹ بنے گی، پانچ مارچ کو ساری دنیا بول اٹھے گی’’لہور لہور اے‘‘۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجا کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل جب لاہور میں ہوگا تو دیکھنے والے دنگ رہ جائیں گے،فائنل لاہور میں کرانا مضبوط فیصلہ ہے، جس کا سہرا کرکٹ بورڈ کے سرجاتاہے۔

راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر کہتے ہیں کہ غیر ملکی کھلاڑی آئیں یا نہ آئیں پی ایس ایل کا برانڈ دنیا بھر میں چھا جائے گا،ضمانت دیتا ہوں پی ایس ایل پاکستان کا بہت بڑا فیسٹول بن جائے گا۔

محمد یوسف نے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں کرکٹ واپس آرہی ہے۔

پی ایس ایل کا فائنل پاکستان میں ہونے کی خبر نے کرکٹ کے دیوانوں میں خوشی کی لہر دوڑادی، کرکٹ کے متوالے کہتے ہیں کہ فائنل دیکھنے خوشی خوشی لاہور جائیں گے،کھلاڑیوں کی بھرپور مہمان نوازی کریں گے، میچ دیکھنے قذافی اسٹیڈیم جائیں گے۔
تازہ ترین