• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکیم الامت علامہ محمد اقبال کی آج 79 ویں برسی

Today Is Allama Muhammad Iqbals 79th Death Anniversary
شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کی وفات کو 79 برس بیت گئے۔ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال بیسویں صدی کے معروف شاعر، مصنف، قانون دان، سیاستدان، مسلم صوفی اور تحریک پاکستان کی اہم ترین شخصیات میں سے ایک تھے۔

علامہ اقبال صرف فلسفی شاعر ہی نہیں بلکہ انسانوں کے استحصال کے بھی خلاف تھے۔ ان کی خواہش تھی کہ انسان رنگ ، نسل اور مذہب کی تمیز کے بغیر ایک دوسرے سے اچھے رویے سے پیش آئیں اور باہمی احترام کی فضا قائم کریں کہ یہی رب کائنات کی منشا ہے۔ پاکستان کی نئی نسل بھی اقبال کی احترامِ آدمیت کی سوچ کو سراہتی ہے۔

علامہ اقبال ایک طرف امت مرحوم کا نوحہ کہتے ہیں تو دوسری طرف نوجوانوں کو ستاروں پر کمند ڈالنے کی ترغیب دیتے نظر آتے ہیں۔اقبال قوم کو خانقاہوں سے نکل کر میدان عمل میں اترنے پر اکساتے ہیں۔

آپ اسلامی دنیا میں روحانی جمہوریت کا نظام رائج کرنے کے داعی تھے۔ شاعرِ مشرق کی شاعری نے برصغیر کے مسلمانوں کو خوابِ غفلت سے بیدار کرکے نئی منزلوں کا پتہ دیا۔

اقبال کی شاعری روایتی انداز سے یکسر مختلف تھی کیونکہ ان کا مقصد بالکل جدا اور یگانہ تھا۔ انہوں نے اپنی شاعری کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں نئی روح پھونکی جو تحریکِ آزادی میں نہایت کارگر ثابت ہوئی۔

علامہ اقبال کے شعری مجموعوں میں بانگ درا، ضرب کلیم، بال جبرئیل، اسرار خودی، رموز بے خودی، پیام مشرق، زبور عجم، جاوید نامہ، پس چے چہ باید کرد اے اقوام شرق اور ارمغان حجاز شامل ہیں۔

آپ نے تمام عمر مسلمانوں میں بیداری و احساسِ ذمہ داری پیدا کرنے کی کوششیں جاری رکھیں اور 21 اپریل1938 کو اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
تازہ ترین