• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیمپئنز ٹرافی:سری لنکا کا پاکستان کو جیت کیلئے237رنز کا ہدف

Sri Lanka Sets 237 Runs Target For Pakistan In Icc Champions Trophy 2017

چیمپئنزٹرافی میں گروپ بی کے اہم ترین میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو فتح کیلئے237رنز کا ہدف دیا ہے، سری لنکا کے نروشن ڈکویلا نے73رنز کی اننگز کھیلی ،پاکستان کے حسن علی اور جنید خان نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

میچ کا ٹاس پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے جیتا اور سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ،سری لنکا کی ٹیم49 اعشاریہ2اوورز میں236رنز بناکر آئوٹ ہو گئی۔

سری لنکا نے محمد عامر اور جنید خان کی تیز گیندوں پر پر اعتماد آغاز کیا، لیکن26رنز کے مجموعے پر جنید خان نے سری لنکا کو پہلا گھائو لگایا اورگونا تھلاکا کو13رنز پر شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔

سری لنکن بیٹسمینوں نے اعتماد کے ساتھ بیٹنگ جا ری رکھی اوردوسری وکٹ کی شراکت میں56رنز کا اضافہ کیا ، اس موقع پر مینڈس27رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، اس وقت سری لنکا کا مجموعہ 82 رنز تھا، تیسرے بیٹسمین جلد آئوٹ ہو گئے، آئوٹ ہونے والے بیٹسمین چندی مل تھے جو کھاتا کھولے بغیر ہی فہم اشرف کا شکار بنے، انٹرنیشنل کرکٹ میں فہیم اشرف کی یہ پہلی وکٹ تھی۔

سری لنکا کی مشکلات اس وقت شروع ہوئیں جب اس کا مجموعی اسکور 1 16 پر پہنچا، محمد عامر کی گیند پر میتھیوز 39 رنز کے انفرادی اسکور پر بولڈ ہو گئے اور 161 سے167 رنز تک سری لنکا کی مزید4 وکٹیں گر چکی تھیں اور مجموعی طور پر 7 بیٹسمین پویلین لوٹ گئے جس کے بعد پاکستانی بولرز سری لنکن بیٹسمینوں پر مکمل طور پر حاوی ہوگئے۔

اس موقع پر گونا رتنے27اور لکمل26رنز نے ٹیم کو مکمل تباہی سے بچاتے ہو ئے اپنی ٹیم کے مجموعے کو236رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا تاہم آئی لینڈرز مقررہ 50اوورز بھی پورے نہ کھیل سکے اور49 اعشاریہ2اوورز میں پوری ٹیم 236رنز بناکر آئوٹ ہو گئی اور پاکستان کو میچ میں فتح کیلئے237رنز کا ہدف ملا۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی اور جنید خان نے تین، تین جبکہ اپنا پہلا میچ کھیلنے والے فہیم اشرف اور محمد عامر نے2،2وکٹیں حاصل کیں۔

کارڈف کے صوفیا گارڈن گراؤنڈ میں جاری پاکستان اور سری لنکا کے مابین یہ میچ ایونٹ کا آخری گروپ میچ ہے جس کے بعد سیمی فائنل کیلئے لائن اپ مکمل ہوجائے گی۔ فاتح ٹیم سیمی فائنل میں انگلینڈ کاسامنا کرے گی جبکہ شکست کھانے والی ٹیم گھر واپس جائے گی۔

تازہ ترین