• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش جاری

Rain Spell Receives Different Part Of Pakistan

ملک کے ٘مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے،دادو گاج ندی میں طغیانی سے کئی دیہات زیرآب آگئے ہیں۔

ادھر بدین میں ایل بی اوڈی سمیت دیگر سیم نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہورہاہے،جبکہ بلوچستان کے ضلع بارکھان میں سیلابی ریلے سے متعددنشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔

سندھ میں حیدرآباد، نواب شاہ اور سیہون میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، دادو میں کھیرتھر کے پہاڑی سلسلے میں موسلادھاربارش سے گاج ندی میں طغیانی آگئی۔

ڈرگھ بالا اور راجوگنڈو کے درمیان لنک روڈزیر آب آنے سے جوہی شہر کا 30 سے زائددیہات سےزمینی رابطہ منقطع ہوگیا،حالیہ بارشوں کی وجہ سےبدین میں سیم نالے لیفٹ بینک آؤٹ فال ڈرین سمیت دیگر سیم نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہورہا ہے۔

بلوچستان میں ژوب ،ہرنائی، شیرانی، موسیٰ خیل، کوہلو ،بارکھان، سبی، ڈیرہ بگٹی اور کوہ سلیمان میں تین روزسے بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارکھان میں طوفانی بارشوں سے متعدد فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچا ہے جبکہ کئی مویشی بہہ گئے ہیں۔

ڈیرہ بگٹی میں پیر کوہ روڈ پر پہاڑی تودہ مسافر وین پر گرنےسے دو افراد زخمی ہوگئے، دریائے ژوب اور سمبازہ ندی سے درمیانے درجے کا سیلابی ریلا آج بھی گزر رہا ہے۔

آزادکشمیرمیں مظفرآباد،وادی نیلم ،برنالہ ،نکیال اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش ہورہی ہے۔ نکیال آزاد کشمیر میں مسلسل بارش سے ندی نالوں میں طغیانی کے خطرے کے پیش نظرانتظامیہ کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔

ادھر پنجاب میں گوجرانوالہ،سرگودھا،فیصل آباد اور بھکر سمیت کئی شہروں میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔

تازہ ترین