• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کو امریکی مالی و عسکری امداد کی ضرورت نہیں،جنرل قمر باجوہ

Pakistan Doesnt Need Us Aid But Acknowledgement In War On Terror Army Chief Qamar Jawaid Bajwa

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نےکہا ہے کہ پاکستان کو امریکی مالی اور عسکری امداد کی ضرورت نہیں،دہشت گردی کیخلاف ہماری قربانیوں پر ہمارےکردار پراعتماد کئے جانے کی ضرورت ہے۔

پاک فوج کے تر جمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نےاس موقف کا اظہار پاکستان میں متعین امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل سےملاقات کے دوران کیا۔ امریکی سفیر نے ملاقات میں نئی افغان پالیسی کے بارے میں آگاہ کیا۔

ملاقات میں آرمی چیف نے واضح موقف اختیار کرتے ہو ئےکہا کہ پاکستان کو امریکا سے عسکری مالی یادیگر  امداد کی کوئی ضرورت نہیں،تاہم دہشت گردی کیخلاف ہمارےکردار کو تسلیم کئے جانے اور اس پر اعتمادکی ضرورت ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی سفیر کے سامنے یہ بھی واضح کیا کہ افغانستان کا امن پاکستان کے لیے اہمیت کا حامل ہے ،اور افغانستان میں طویل جنگ کو منطقی نتیجے پر پہنچانے کے لئے تمام شراکت داروں کے مابین تعاون ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔

ملاقات میں امریکی سفیر نے کہا کہ امریکا دہشت گردی کیخلاف پاکستانی کردار کو قدرکی نگاہ سے دیکھتا ہے اور افغان مسئلے کے حل کے لیے پاکستان سے تعاون کی خواہش رکھتا ہے۔ امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے افغانستان کے لئے نئی امریکی پالیسی سے بھی آگاہ کیا۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز پاکستان، افغانستان اور جنوبی ایشیا کیلئے اپنی نئی پالیسی کا اعلان کیا تھا جس میں پاکستان پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اربوں ڈالر دیتے ہیں مگر وہ دہشت گردوں کو پناہ دیتا ہے، پاکستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں پر خاموش نہیں رہیں گے۔

پاکستان کے خلاف سخت رویہ اپناتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ افغانستان میں ہمارا ساتھ دینے سے پاکستان کو فائدہ اور دوسری صورت میں نقصان ہوگا۔

تازہ ترین