• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد دھرنے کے مظاہرین نے دھوکا دیا ، طلال

Islamabad Protesters Cheated Talal

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ دھرنے والوں کو لاش چاہیے ،راستہ کھلنے کا وقت قریب ہے ،طاقت کا استعمال آخری آپشن ہوگا۔

میڈیا سے گفتگو سے قبل سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کو بریفنگ دیتے ہوئےطلال چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد دھرنے کے مظاہرین نے حکومت کو دھوکا دیا اور ہم نے دھوکا کھایا،مظاہرین کے رہنمائوں نے کہا تھاکہ وہ دعا کرکے واپس چلے جائیں گے ۔

وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد میں دھرنے کی روایت قائم کی گئی ہے، دارالحکومت میں 126 دن جو دھرنا دیا گیا اس کو لانے اور بٹھانے والی بہت سی پارٹیاں ہیں۔

ان کا مزید کہناتھاکہ مظاہرین بارہ مطالبات لے کر آئے تھے، مظاہرین سے گیارہ نکات پر بات ہوئی تھی،دوران بات چیت مظاہرین کے رہنماؤں نے کہا تھا کہ وہ دعا کر کے وآپس آجائیں گے۔

اس موقع پر سینیٹر رحمٰن ملک نے استفسار کیا کہ حکومت بتائے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات پر کب تک عمل درآمد کرائیں گے ؟

وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ مظاہرین کو پارلیمینٹ کو طمانچہ نہیں مارنا چاہیے،دھرنے پر بیٹھے لوگوں کو اسلام آباد ہائی کورٹ کا حکم اور انتظامی حکم بھیج دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے پارلیمنٹ کے اندر سے ہی کچھ لوگ طمانچہ مارنے والوں کے ساتھ ملے ہوتے ہیں۔

سینیٹر رحمٰن ملک نے وزیر مملکت کو یقین دہائی کرائی کے حکومت اس مسئلے کے حل کے لئے جو بھی کارروائی کرے گی کمیٹی اس کا ساتھ دے گی ۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مستقبل میں حکومت طے شدہ مقامات پر ہی احتجاج کی اجازت دے۔

تازہ ترین