• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نااہل شخص کی پارٹی صدارت کیخلاف بل اسمبلی میں پیش

Bill Against Disqualified Person Leading A Party Tabled In Na

نا اہل شخص کی پارٹی صدارت کے خلاف پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف نے بل قومی اسمبلی میں پیش کردیا ،رکن قومی اسمبلی نوید قمر نے بل پیش کیا ، اس حوالے سے اپوزیشن رہنما شاہ محمود قریشی ، عذرا فضل پیچوہونے بھی خطاب کیا ۔

نوید قمرکا کہناتھاکہ فرد واحد کے لئے قانون سازی سے نظام درہم برہم ہوجاتا ہے ،چہ میگوئیاں ہورہی ہیں کہ شاید یہ یا اس کے بعد ہونے والا اجلاس اس اسمبلی کا آخری اجلاس ہو ۔

انہوں نے بل منظور نہ ہونے کی صورت میں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کی درخواست کی ، وزیر قانون زاہد حامد نے ایوان میں بل کھڑے ہوکر بل کی مخالفت کی ،شور شرابے میں اسپیکر قومی اسمبلی نے اپوزیشن جماعتوں کے رہنمائوں کو بات جاری رکھنے کا کہا۔

ایاز صادق کا کہناتھاکہ دو ارکان نے بل پیش کیا ہے انہیں بولنے کا موقع دیا جانا چاہیے ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیرقانون کو حق ہے کہ بل مستردکریں،یہ بل اپوزیشن کا مشترکہ ہے،حکومت گھبرا کیوں رہی ہے؟

انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی نشستوں پر براجمان اراکان اسمبلی سے درخواست کرتا ہوں کہ حوصلہ رکھیں ،جو صادق اور امین نہیں، وہ رکن اسمبلی نہیں بن سکتا۔

پی ٹی آئی کے رہنما نے یہ بھی کہا کہ آج حکمراں جماعت محاذ آرائی کی طرف جارہی ہے، ایسا کر کےکوئی جمہوریت کی خدمت نہیں کرے گا۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کسی خاص شخص کو مفاد پہنچانے کیلئے کی جانیوالی قانون سازی اچھی مثال نہیں ہے،انہوں نے استفسار کیا کہ کیا آپ اپنے بھائی پر یا چوہدری نثار پر اعتماد نہیں کرسکتے؟

پی پی رہنما عذرا فضل پیچوہونے کہا کہ آج صرف ایک شخص کی خاطر یہ ایوان بھرا ہوا نظر آرہا ہے ،شرمناک بات یہ ہے کہ عوامی مسائل پر قومی اسمبلی اکثر خالی ہوتی ہے ۔

تازہ ترین