• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نان خطائی، برسوں بعد بھی اس کا ذائقہ ’پھیکا‘ نہیں پڑا

History And Background Of Nan Khati

پچھلے کئی دنوں سے بالی ووڈ ایکٹر عرفان خان ہر شام پاکستان کے ہر گھر میں دکھائی دیتے ہیں۔۔۔بلکہ درست سمجھے آپ ایک بسکٹ کے اشتہار میں۔ ہم اس اشتہار کی مزید بات کرکے آپ کو بور یا ڈسٹرب نہیں کریں گے بس اتنا کہیں گے کہ واقعی کھانے پینے کے بعض اشیاء انسانوں کے ساتھ ہجرت کرتی رہی ہیں اور تاریخ اس کی گواہ ہے۔

Nan Khatai 05_l

بچپن میں جب میں اسکول جاتی تھی تو اکثر ٹھیلوں پر تازہ نان خطائیاں بنتے دیکھتی تھی۔ بہت مرتبہ کھائی بھی اور اب بھی وہ ذائقہ بھولی نہیں۔ میرے ایک کولیگ معین صاحب کا کہنا ہے ’ٹھیلوں پر تازہ نان خطائیاں بنانے کا رواج آج بھی زندہ ہے اور جس علاقے میں ہم رہتے ہیں وہاں آج بھی نان خطائی ٹھیلے پر بنتی اور بکتی ہے ۔ لوگ بہت چاؤ سے اسے بارہ مہینے کھاتے اور خریدتے ہیں۔‘

پچھلے دنوں میں نے کہیں پڑھا تھا کہ اس میٹھی سوغات کی روایت چین سے ہندوستان اور پھر مغلیہ دور میں ہندوستان سے ہجرت کرکے پاکستان آئی۔ چونکہ لاہور سرحدی شہر ہے لہذا غالب امکان یہی ہے کہ سب سے پہلے اسے زندہ دلان لاہور نے اپنایا۔

Nan Khatai 01_l

آج اسی شہر کے ایک کونے میں بادام اور دیگر میوہ جات کی بنی نہایت مشہور اور خستہ نان خطائی ملتی ہے اور جسے ’لاہوری‘جس شہر کا بھی دورہ کریں ، اپنے میزبان کے لئے فخریہ یہ سوغات لے کر جاتے ہیں۔ یہ شہرت کا ہی صلہ ہے کہ کراچی میں بھی آج اسی برانڈ اور اسی ذائقے کے ساتھ نان خطائی ملتی ہے۔

’نان خطائی‘ سے متعلق تاریخی خوالے بتاتے ہیں کہ یہ فارسی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی’چھ‘ ہے یعنی یہ چھے اجزا کے اشتراک سے تیار کی جاتی ہے جس میں آٹا، انڈے، چینی، مکھن، گھی اور بادام شامل ہیں۔

Nan Khatai 02_l

مورخین کاکہنا ہےکہ بھارتی ریاست گجرات کا ساحلی شہر سورت نان خطائی کی جائے پیدائش ہے۔ سولہویں صدی کے اختتام پر مغلیہ دور میں ہالینڈ کے دو تاجروں نے سورت میں تجارت کی غرض سےایک بیکری روٹی تیارکرنے کے لیے قائم کی۔

کچھ سال بعد جب یہ تاجر یہاں سے جانے لگے تو انہوں نے بیکری اپنے ایک ملازم کے حوالے کردی جس کا نام دوتی والا تھا۔ دوتی والا نے تاجروں کے جانے کے بعد روٹی کی تیاری کا کام جاری رکھا اور یہ بیکری دوتی والا بیکری کے نام سے مشہور ہوگئی۔

Nan Khatai 04_l

وقت گزرنے کے ساتھ ہالینڈ کے مزید تاجر بھی برصغیر چھوڑ چھوڑ کر جانے لگےاور روٹی کی فروخت میں کمی آنے لگی جس کے باعث کاروبار کوخسارے کا سامنا کرنا پڑا۔

کم طلب کی وجہ سے روٹی کی زائد مقدار خشک اور خستہ ہوجاتی تھی، اس لیے اس خشک و خستہ روٹی کو نچلے طبقات میں رعایتی قیمت پر فروخت کردیا جاتا تھا۔ مقامی افراد کو سستی، خشک اور خستہ روٹی کا ذائقہ پسند آگیا جس پر دوتی والا نے روٹی کی شکل تبدیل کی اور اوون میں روٹی کے ٹکڑوں کو خشک کرنا شروع کیا۔ اس طرح مالی مشکلات سے دوچار دوتی والا نے تخلیقی انداز سے ڈچ روٹی کو تیار کرکے نان خطائی کی صورت میں روایتی میٹھی سوغات تیار کرلی۔

Nan Khatai 03_l

اس طرح نان خطائی کی شہرت پورے برصغیر میں پھیل گئی۔ یہ روایتی نازک سوغات مغل بادشاہوں میں بھی کافی مقبول تھی اور مختلف مواقع پر شاہی خاندان کو نان خطائی تیار کرکے پیش کی جاتی تھی۔ شاہی خاندان کے افراد خوشی کے لمحات کو نان خطائی کے ساتھ مناتے تھے۔

اور پھر لاہور کے ذریعے سے پاکستان میں اس کا آغاز ہوا۔ اس روایتی سوغات سے لطف اندوز ہونے کے لیے ملک بھر سے لوگ لاہور آتےتھے اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ پورے پاکستان میں اپنی جگہ بناتی چلی گئی اور اب بچہ بچہ اس سے اچھی طرح واقف ہے۔

تازہ ترین