• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شنگھائی میں 100، میٹر اونچے اسموگ ٹاور کی تعمیر مکمل

چین نے بڑھتی فضائی آلودگی سے نمٹنے کیلئے تجرباتی طور پر ہوا صاف کرنے والا ٹاور’’سموگ ٹاور‘‘ تعمیر کیا ہے۔

سائنسدانوں کا دعویٰ ہےکہ یہ دنیا کا سب سے بڑا ٹاور ہے جس کی اونچائی 100؍ میٹر سے زیادہ ہے جو صوبے شانژے کے شہر ژیان میں تعمیر کیا گیا ہے۔

ٹاور کی تعمیر 2015ء میں شروع ہوئی تھی اور اس کا مقصد آلودہ ماحول کو کم لاگت میں صاف کرنے کا طریقہ تلاش کرنا تھا۔ ٹاور میں نصب جالی آلودہ ہوا کو اپنے اندر کھینچنے کے بعد شمسی توانائی سے اسے گرم کرتی ہے اور پھر یہ گرم ہوا ایک فلٹر سے گزرتے ہوئے آلودگی ختم کرتی ہے۔

اس کے بعد یہ صاف ہوا فضاء میں خارج کر دی جاتی ہے۔ سائنسدانوں کے مطابق اس ٹاورکے کامیاب نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں۔ یہ ٹاور روزانہ ایک کروڑ کیوبک میٹر صاف ہوا خارج کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور گزشتہ کئی ماہ سے ٹاور کے اطراف کی آب و ہوا کے معیار میں بہتری آئی ہے۔

سائنسدانوں نے ٹاور کے اثرات کی جانچ پڑتال کے لئے شہر میں آلودگی کی نگرانی کرنے والے ایک درجن سے زائد اسٹیشن نصب کئے ہیں جس سے معلوم ہوا ہے کہ یہ ٹاور آلودہ ہوا اور سموگ کو متعدل سطح پر لانے میں کامیاب ہو گیا ہے

تاہم سائنسدانوں کی ٹیم مارچ میں ٹاور کی کارکردگی کے مزید مشاہدے کے بعد تفصیلی اعداد و شمار جاری کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ یہ ٹاور 30؍ مربع کلومیٹر کے رقبہ کی ہوا صاف کر سکتا ہے جو ایک چھوٹے شہر کی فضاء کو صاف کرنے کیلئے کافی ہے۔

 

تازہ ترین