• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جراسک ورلڈ، فالن کنگڈم کاانٹرنیشنل ٹریلر آگیا

خوف اوردہشت کی علامت تصور کئے جانے والے دیوہیکل ڈائنوسارز کے گِرد گھومتی شہرۂ آفاق ہالی وڈ سائنس فکشن ایڈونچر فلم جراسک پارک سلسلے کی چوتھی فلم جراسک ورلڈکے سیکوئل جراسک ورلڈ، فالن کنگڈم کا انٹرنیشنل ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔

اس سنسنی خیز فلم کو جے اے بیونانے ڈائریکٹ کیا ہے جبکہ فلم کی کاسٹ میں ایک بار پھر کرِس پریٹ ، برائس ڈلاس ہاورڈ اور جیف گولڈ بلم اپنے سابقہ کرداروں میں جلوہ گر ہو رہے ہیں۔

فلم کی دیگر کاسٹ میں بی ڈی وونگ، ٹوبی جونز، ریف اسپال، جسٹس اسمتھ، ڈینیئالا پلیڈا، ٹیڈ ولین، گیریلڈین چیلپن اور جیمز کرومویل سمیت کئی فنکار شامل ہیں۔

فرینک مارشل اورپیٹرک کرولی کی مشترکہ پروڈکشن میں بننے والی اس فلم کی کہانی گزشتہ فلموں کی طرح اس بار بھی شہر سے دور جزیرے پرقائم کردہ ایک ایسے جراسک تھیم پارک کے گِرد گھوم رہی ہے جس کی تباہی کو 22سال سے زیادہ کا عرصہ بیت چکا ہے تاہم حفاظتی اقدامات مزید سخت کرتے ہوئے اسے ایک بار پھر سے تعمیر کیا جاتا ہے۔

دیوہیکل ڈائنو سارز سے بھرے اس جراسک تھیم پارک پر کی گئی معمولی سی غلطی اور قواعد کی پابندی نہ کرنا انتہائی سنگین نتائج کا سبب بن جاتا ہے جو اس خطرناک جان لیوا مخلوق کو آپے سے باہر کر دیتی ہے۔

لیجنڈنری پکچرز کی تیار کردہ یہ سائنس فکشن ایڈونچر فلم یونیورسل پکچرز کے تحت 22جون کو سنیماگھروں میں عام نمائش کیلئے پیش کرد ی جائے گی۔

واضح رہے کہ اسٹیون سپیلبرگ کی ڈائریکشن میں بننے والی جراسک پارک سلسلے کی پہلی فلم 1993 ءمیں ریلیز کی گئی تھی جبکہ 1997ء اور 2001ء میں بالترتیب دوسری اور تیسری فلمیں نہ صرف مداحوں میں بے پناہ مقبول ہوئیں بلکہ دنیا بھر میں اربوں ڈالر کا بزنس بھی کرنے میں کامیاب ہوئیں۔

صرف یہی نہیں بلکہ 2014ء میں جراسک ورلڈ نے بھی خوب باکس آفس پر دھوم مچائی جس کا یہ سیکوئل اب جون نمائش کیلئے نمائش کیلئے پیش کیا جائے گا۔0

تازہ ترین