• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف پارٹی صدارت کیلئے نااہل، اپوزیشن کا عدالتی فیصلے کا خیر مقدم

Nawaz Sharif Disqualified From Presidency Opposition Welcome Decision Of Court

سپریم کورٹ کی جانب سے مسلم لیگ ن کے رہنما نواز شریف کو پارٹی صدارت کے لیے نااہل قرار دینے کے فیصلے کا اپوزشن نے بہت پرجوش خیرمقدم کیا ہے، کسی نے کہا کہ پوری قوم سپریم کورٹ کو سلام پیش کرتی ہے، تو کوئی بولا کہ آج نواز شریف کی سیاست کا دھڑن تختہ ہوگیا ہے جبکہ یہ بھی کہا گیا کہ نواز شریف کی مہم جوئی جمہوریت کے لیے خطرناک ہے۔

سپریم کورٹ کے فیصلے کو حزب اختلاف کی جماعتوں نے مجموعی طور ہر سراہا اور تاریخی قرار دیا ہے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ نون لیگ نے اکثریت کے بل پر عدلیہ سے محاذ آرائی کا راستہ اختیار کیا، ن لیگ نے فرد واحد کےلیے قانون بدلا، قانون سازی ایسے نہیں ہوتی، نواز شریف نے ہر بات کا مذاق بنا رکھا ہے۔

شریک چیئرمین پی پی آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ریاستی اداروں سے محاذ آرائی سے اجتناب کیا جائے، بدقسمتی ہے نواز شریف نے ٹکراؤ کا راستہ چنا ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ پوری قوم سپریم کورٹ کو سلام پیش کرتی ہے،نواز شریف کو پارٹی صدر ہونے کے بجائے جیل میں ہونا چاہیے، ترجمان پی ٹی آئی فواد چودھری نے کہا کہ ایک شخص کی کرپشن بچانےکیلئے پارٹی اورملک کو داؤ پر نہیں لگایاجاسکتا۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید بولے کہ نواز شریف کی سیاست کا دھڑن تختہ ہوگیا، عدالتی فیصلے سے لودھراں کا الیکشن بھی کالعدم ہوگیا ہے۔

پاکستان عوامی تحریک کےسربراہ طاہرالقادری کا ردعمل تھا کہ فیصلے سے چوروں، ڈاکوؤں کو مقدس ایوانوں سے دور رکھنے میں مدد ملے گی، نوازشریف کی پارٹی صدارت سے نااہلی آئین اورریاست کی فتح ہے۔

تازہ ترین