• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور زلمی کا اسلام آباد یونائیٹڈ کو 177رنز کا ہدف

پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) تھری کے چوتھے میچ میں پشاور زلمی نے کامران اکمل ، تمیم اقبال ، ڈیوین اسمتھ اور محمد حفیظ کی شاندار بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20اوورز میں 6 نقصان پر176 رنز بنائے ۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلے جارہے آج کے پہلے میچ اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لئے177 رنز کا ہدف ملا ہے۔

پشاور زلمی کے اوپنرز تمیم اقبال اور کامران اکمل نے پراعتماد انداز میں وکٹ کے چاروں طرف خوبصورت اسٹروک کھیلے اور پہلی وکٹ پر 69رنز کی شراکت قائم کی ۔

پشاور زلمی کے پہلے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی نصف سنچری میکر کامران اکمل تھے ،انہوں نے 3چھکوں اور 7چوکوں کی مدد سے 53رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی ۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کو دوسری کامیابی کے لئے مزید 52رنز دینے پڑے ، اوپنر تمیم اقبال اور ڈیوین اسمتھ نے کئی دلکش اسٹروک کھیلے ، 121کے مجموعے پر 2چھکوں اور 2چوکوں کی مدد سے 39رنز بنانے والے تمیم اقبال رسل کا شکار بن گئے ۔

پشاور زلمی کی تیسری وکٹ جلد ہی گر گئی ، 125 کے اسکور پر 2چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 30 رنز بنانے والے ڈیوین اسمتھ کو فہیم اشرف نے میدان سے واپسی کا راستہ دکھایا ۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سمی کے 136 کے مجموعے پر پویلین کی راہ دکھادی، انہیں 9کے انفرادی اسکور پر فہیم اشرف نے بولڈ کیا ۔

پشاور زلمی کی 5ویں وکٹ 19ویں اوورز میں 164 کے اسکور پر گری ، محمد حفیظ کے ساتھ قیمتی 28رنز جوڑنے والے حارث سہیل 4رنز کو محمد سمیع نے رسل کی مدد سے قابوکرلیا ۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے لئے چھٹی وکٹ کپتان رومان رئیس نے حاصل کی ، انہوں نے 7رنز پر کھیل رہے وہاب ریاض کو بولڈ کردیا ،ا س طرح 3چوکوں کی مدد سے 30رنز بنانے والے محمد حفیظ ناٹ آئوٹ لوٹے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے فہیم اشرف کامیاب باولر رہے ، انہوں نے 2جبکہ رومان رئیس ، رسل ،محمد سمیع اور سمت پٹیل نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی ،شاداب خان مہنگے باولر ثابت ہوئے ، انہوں نے 4اووز میں بغیر کوئی وکٹ لئے 34 رنز دیے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق ہیم اسٹرنگ کی انجری کے باعث ٹیم میں شامل نہیں ہیں،پشاور زلمی سے مقابلے کے لئے رومان رئیس کو قیادت سونپی گئی ہے، جنہوں نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔

تازہ ترین