• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھر کی تعمیر کے وقت یہ بھی سوچنا پڑتاہے کہ کہاں کہاں اور کون سے ٹائلز لگائے جائیں۔ عموماً گھر کا فرش ٹائلز سے بنا دیا جاتا ہے لیکن اگر گھر میں ماربل کے ٹائلز نہ بھی لگے ہوں تو باتھ روم اور کچن میں ٹائلز کا استعمال عام ہوتا ہے۔ چونکہ ٹائلز بآسانی صاف ہوجاتے ہیں اورنفاست کوظاہر کرتے ہیں، اسی لیے باتھ روم کی دلکشی میں ماربل کے ٹائلز بہت اہمیت اختیار کرجاتے ہیں۔

ماربل سے تیار کردہ نئے ڈیزائن طبیعت پر اچھا تاثر چھوڑتے ہیں۔اس کے علاوہ گھر کے فرش پر اگر سفید رنگ کے ٹائلز ہوں تو چھت اور دیواروں کے مختلف رنگ حسین امتزاج بناتے ہیں۔ روشن اور گہرے رنگوں کے ساتھ دیواروں اور گھر کی سجاوٹ میں بڑے پیمانے پر استعمال کیے جانے والے سنگ مرمر کی زندگی عام طور پر50سے 80سال تک ہوتی ہے۔

کچن

کچن میں ماربل لگانے کاکام جدید بھی ہے اور آسان بھی۔یہ مضبوط بھی ہوتے ہیں، اس لیےکچن کائونٹر یا ڈش واشنگ ایریا میں سلیب کی شکل میں لگائے جاتے ہیں۔ یہ ان دیواروں کے لیے بہترین ہیں جن کو پانی، کھانے کے نشانات اور تیل کے داغ لگ سکتے ہیں کیونکہ ان ٹائلز کی صفائی آسان ہوتی ہے۔ اسی لیے، اگر آپ اپنے کچن کی تعمیر یا تزئینِ نو کا فیصلہ کرچکے ہیں تو ماربل کے انتخاب میں عمدہ ذوق کا مظاہرہ کیجئے۔ 

وہ لوگ جو کچن کو مزید خوشگوار بنانا چاہتے ہیں،وہ کچن کاؤنٹر کیلئے میرون، سرخ یا برائون رنگ کے ٹائلز کا انتخاب کریں،جو کہ کچن کی سجاوٹ اور انداز کے ساتھ میل کھاتے ہیں جبکہ دیواروں پر اس کے برعکس رنگ استعمال کریں تاکہ متضاد رنگوں سے کچن خوبصورت دکھائی دے۔

لاؤنج

لاؤنج میں مہمانوں کو متاثر کرنے کیلئے ماربلز کے مختلف امتزاج بن سکتے ہیں ،جیسے سیاہ اور سفید ٹائلز کا حسین امتزاج آپ کےلاؤنج کو منفرد بناسکتا ہے۔ کریمی رنگ کے ماربل پر مشتمل دلکش دیواریں اور فرش بھی عمدہ ذوق کی علامت ہوتی ہے۔ خوبصورت سفید ماربل کے ساتھ لکڑی کی درازوں کا استعمال دلکشی میں اضافہ کرسکتاہے۔ لائونج کیلئے ماربل کی ٹائلوں والے فرش میں شنگریلا ماربل کی ٹائلوں کا استعمال بھی کیا جاسکتاہے۔

فرش بچھانے کیلئے

فرش کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے سفید رنگ کے سادہ ماربل کے ساتھ درمیان میں منقشّ ٹائلوں کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔ سفید رنگ کے ماربل استعمال کرکے کسی ایک حصے کو باقی سب سے نمایاں کرنے کے لیے اس کے اردگرد بلیک آئس پھول والے ماربل کا استعمال بھی کیا جاسکتاہے۔ اس کے علاوہ فرش اور دیوار میں لگی ٹائلز میں اگر مطابقت ہو توباتھ روم کے فرش کی خوبصورتی میں اضافہ ہو جاتاہے۔

ڈریسنگ ٹیبل کور

چھوٹے فرنیچر جیسے کہ ڈریسنگ ٹیبل اور کیبنٹ وغیرہ کے ٹاپ بنانے کیلئے ماربل کااستعمال بھی عمدہ ذوق کی نشاندہی کرتا ہے۔ اگر آپ پورے گھر میں ماربل استعمال کررہے ہیں یاجہاں جہاں ماربل کو ٹاپ کے طور پر استعمال کررہے ہیں تو اس میں یکسانیت رکھیں اور ان کے ڈیزائن یا کٹنگ شیپ بھی ایک جیسی رکھیں، تاکہ گھر کی ایک تھیم سامنے آسکے۔

باتھ روم

شاور کے خاص پورشن کے لئے سرمئی رنگ کے ماربل کے ساتھ مختلف رنگوں کے دلکش امتزاج سےنمونے دار شاندار ڈیزائن بنوایا جاسکتاہے۔ سیاہ چمکدار جاذبِ نظر ٹائلز کے علاوہ گہرے نیلے اور کریمی رنگوں کے حسین ملاپ کی صورت موڈ کو بہتر کرنےو الا ڈیزائن بھی آجکل مقبول ہے۔ 

خوبصورت سفید رنگ کے ٹائلز اور فیروزی رنگ کا کمال بھی دلکشی دکھاتاہے۔ مخصوص پورشن کے لئے ماربل سے بنی خوبصورت اسٹائل والی دیوار بھی آپ کو بور نہیں کرے گی ۔ آجکل بنفشی اور سفید رنگ کے ٹائلز کا بھی ٹرینڈاپنایا جارہاہے۔

ماربل ٹائلز کی اقسام

عمارت سازی کیلئے مارکیٹ میں ماربل ٹائلز کا بہت اچھا مٹیریل د ستیاب ہے۔ فن اور دستکاری،ا سٹیشنری، لیمپ، برتن اور آرٹ کے دیگر عملی کاموں میں استعمال کے ساتھ ساتھ یہ صارفین کا پسندیدہ ہے۔ آئیےایک نظر ماربل ٹائلز کی اقسام پر ڈالتے ہیں۔

درجہ اوّل:اعلیٰ معیار ی ماربل ٹائلز بہترین پروسیسنگ معیار ہے، جو ٹوٹ پھوٹ اور سوراخوں سے پاک ہوتا ہے ۔

درجہ دوم :یہ بھی درجہ اوّل کی طرح ہے لیکن معیار میں تھوڑا کم ہے۔ اس میں موجود سوراخوں کو سفیدے یا گِلو سے بھر دیا جاتاہے ۔

درجہ سوم : پروسیسنگ کے معیار میں یہ نچلے درجے کا ماربل ٹائلز ہے، اس میں کچا پن ہوتا ہے اور جلدی جھڑ سکتاہے ۔

درجہ چہارم: اس کی خصوصیا ت درجہ سوم کی طرح ہوتی ہیں، لیکن اس میں قدرتی خامیاں زیادہ ہوتی ہیں۔ سب سے بڑا فرق پروسیسنگ کے معیار میں ہے لیکن یہ بہت سارے رنگوں میں دستیاب ہوتا ہے۔

تازہ ترین