• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرفراز احمد کی برطرفی کے خلاف انکی رہائش گاہ کے باہر مظاہرہ

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سرفراز احمد کو قومی ٹیم کی قیادت سے برطرف کئے جانے کے فیصلے کیخلاف کراچی میں کرکٹ فینز نے سابق کپتان کی رہائش گاہ کے باہر مظاہرہ کیا ۔

سرفراز کی تصاویر تھامے مظاہرین نے مصباح الحق اور وقار یونس کیخلاف نعرے بازی بھی کی اور پی سی بی سے سرفراز کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین "کپتان کو عزت دو " کے بھی نعرے لگاتے رہے ۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ دنوں سرفراز احمد کو قومی ٹیم کی قیادت سے برطرف کردیا تھا ۔ پی سی بی کا یہ فیصلہ کراچی میں فینز کو نہ بھایا اور وہ اتوار کو کراچی میں سرفرازاحمد کی رہائش گاہ کے باہر جمع ہوگئے اور سابق کپتان سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پی سی بی کیخلاف احتجاج کیا ۔

سفید کٹ پہنے ننھے کرکٹرز نے بازئوئوں پر سیاہ پٹیاں بھی باندھی ہوئی تھیں۔ مظاہرین وقار یونس اور مصباح الحق کے خلاف اور سرفراز احمد کے حق میں نعرے لگاتے رہے، مظاہرین کی جانب "کپتان کو عزت دو" کے نعرے بھی لگائے گئے ۔

سوشل میڈیا پر تمام افراد کو سرفراز کے گھر آنے کی دعوت دینے والے نوجوان زین مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ پی سی بی نے سرفراز کے ساتھ نا انصافی کی اور ساری ذمہ داری صرف کپتان پر ڈال دی ۔

مظاہرے میں شریک ایک خاتون کا کہنا تھا کہ سرفراز نے پاکستان کو نمبر ون ٹیم بنایا، اس فارمیٹ سے اسکو کیسے نکالا جاسکتا ہے؟ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔

مظاہرے میں سابق اولمپئن اور پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق عالمی شہرت یافتہ پلیئر وسیم فیروز نے بھی شرکت کی اور کہا کہ پی سی بی نے سرفراز کو ہٹانے کا فیصلہ عجلت میں کیا، بورڈ اپنے فیصلے پر ازسر نو غور کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ سرفراز کی قیادت میں ٹیم نے متعدد کامیابیاں بھی حاصل کی تھیں، ان کو یوں برطرف کردینا ٹھیک نہیں، اور ساتھ ساتھ بابر اعظم کو ابھی کپتان بنادیا ہے جس سے اس کی بیٹنگ پرفارمنس بھی متاثر ہوسکتی ہے۔

تازہ ترین