• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’حکومت کو عوام کی مشکلات کا احساس نہیں‘


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”رپورٹ کارڈ‘ ‘میں میزبان علینہ فاروق شیخ کے پہلے سوال بڑھتی مہنگائی اور معیشت کے اس نہج پر پہنچنے کی وجہ کیا ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ حکومت کو عا م آدمی کی مشکلات کا احساس ہی نہیں ہے۔

سہیل وڑائچ نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات اور کھانے کے تیل کی قیمتوں میں اضافہ عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے ہوا ہے، گندم، گھی، اجناس اور سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ حکومتی نااہلی ہے، حکومت کا پرائس کنٹرول کا نظام فیل ہوچکا ہے۔

حکومت اپنی نااہلی کا اعتراف کرنے کے بجائے مہنگائی کی ذمہ داری کورونا پر ڈال رہی ہے۔ حسن نثار کا کہنا تھا کہ پٹرول کے نرخ بڑھیں تو سبزیوں کی قیمتیں بھی بڑھتی ہیں، مہنگائی میں حکومتی نااہلی اور کورونا کی وجہ ہماری اجتماعی بددیانتی ہے، جہاں ایک روپیہ بڑھنا چاہئے ہمیں تین چار روپے بڑھادیتے ہیں۔

ہماری پوری معیشت ہی کرپشن کی بنیاد پر قائم ہے، شوگر اور گندم مافیا تو بڑی چیز ہیں یہاں سڑکوں پر ریڑھی مافیا چھایا ہوا ہے، ان بددیانت لوگوں کے نہ باٹ ٹھیک ہیں نہ یہ ٹھیک سے تولتے ہیں۔ 

ریما عمر نے کہا کہ حکومتی کارکردگی کا اندازہ اس سے لگالیں کہ آج کوئی وزیرخزانہ ہی نہیں ہے، چینی اور آٹے کی مہنگائی کا عالمی سطح پر مہنگائی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

تازہ ترین