• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ کپ وارم اپ، ڈوسن کے لاٹھی چارج سے پاکستانی بولرز کے اوسان خطا

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوسرے وارم اپ میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کوچھ وکٹ سے شکست دے دی۔ بھارت کے خلاف اتوار کو ہونے والے میچ سے قبل پاکستان یہ آخری پریکٹس میچ تھا۔ پروٹیز بیٹر وان ڈر ڈوسن کے لاٹھی چارج نے پاکستانی بولرز کے اوسان خطا کردیے۔ میچ کا فیصلہ آخری گیند پر ہوا۔ پاکستان نے چھ وکٹ پر186رنز بنائے۔ اوس والے موسم میں پاکستانی بولر ہدف کا دفاع کرنے میں ناکام رہے۔ وان ڈار ڈوسن نے نا قابل شکست سنچری بنائی ۔ انہوں نے101رنز51گیندوں پر بنائے جس میں چار چھکے اور دس چوکے شامل تھے۔ کپتان ٹیمبا بائوما نے 42گیندوں پر46رنز دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے بنائے۔ عماد وسیم نے19اور شاہین شاہ آفریدی نے30رنز دے کر دو دو وکٹ حاصل کئے۔ حسن علی کے چار اوورز میں52اور شاداب خان نے35رنز دیے۔ قبل شیخ زاید اسٹیڈیم میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کے کپتان بابراعظم 15 ، محمد رضوان 19 اور محمد حفیظ 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔ فخرزمان نے نصف سنچری اسکور کی وہ 52 رنز بناکر ریٹائرڈ آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے28گیندوں کا سامنا کیام، پانچ چھکے اوردو چوکے مارے۔ آصف علی نے18گیندوں پر دو چھکے اور دو چوکے لگاکر 32، شعیب ملک نے 28اور حسن علی نے 11 رنز کی اننگز کھیلی۔ ربادا نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ واضح رہے پاکستان نے اپنے پہلے وارم اپ میچ میں ویسٹ انڈیز کو شکست دی تھی۔ قبل ازیں ایک اور وارم اپ میچ میں بدھ کو بھارت نے آسٹریلیا کو 8 وکٹ سے ہرادیا۔ اس سے قبل اس نے انگلینڈ کو ہرایا تھا۔ دبئی میں آسٹریلیا نے 5 وکٹ پر 152رنز بنائے ۔ اسٹیو اسمتھ 57رنز ، مارکوس اسٹوئنس 41کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے ۔بھارت نے 153رنز کا ہدف 18ویں اوور میں حاصل کرلیا ۔ کپتان روہت شرما نے 62 اور سوریا کمار یادیو نے 38 رنز کی اننگز کھیلی۔ایک اور میچ میں ا نگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو 13رنز سے شکست دیدی۔جوز بٹلر نے انگلینڈ کو سہارا دیا اور 51 گیندوں پر73رنز بنا کر نمایاں رہے۔ جونی بیئر اسٹو نے30اور سام بلنگز نے 27 رنز بنائے۔ انگلینڈ نے6وکٹ کے نقصان پر 163 رنز بنالیے۔