• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہنگائی و معاشی مشکلات،پاکستانی عوام کا خرچوں میں اضافے کا شکوہ

کراچی(جنگ نیوز)مہنگائی اور معاشی مشکلات کے باعث پاکستانی عوام کا خرچوں میں اضافے کا شکوہ ،جولائی 2021 میں 59 فیصد، اکتوبر2021 میں68 فیصد نے اخراجات پورے نہ ہونے کا کہا،اخراجات پورے کرنے کیلئے30 فیصد نے ادھار لئے،30 فیصد نے پارٹ ٹائم جاب کی۔

37فیصد نے خرچوں میں کمی کی ،پلس کنسٹلنٹ نے مہنگائی پر تیسری سہہ ماہی کی رپورٹ جاری کردی۔ تفصیلات کے مطابق مہنگائی اور معاشی مشکلات کے باعث پاکستانی عوام خرچوں میں اضافہ کا شکوہ کررہے ہیں۔

 جولائی 2021 میں 59 فیصدپاکستانی اخراجات پورا نہ ہونے کا کہہ رہے تھے لیکن اکتوبر2021 میں68 فیصد نے خرچوں میں اضافے کے باعث اخراجات پورا نہ ہونے کا کہا۔ موجودہ آمدن میں جن افراد نے اخراجات پورے ہونے کا کہا ان کی شرح میں بھی 9فیصد کمی آئی ہے۔ 

جولائی2021 میں 41 فیصد افراد کہتے تھے کہ وہ اپنی آمدن میں اخراجات پورے کرتے ہیں اب ان کی تعداد کم ہوکر32 فیصد رہ گئی ہے۔ اس بات کا انکشاف پلس کنسلٹنٹ کی سروے رپورٹ میں ہوا۔ جس میں 18سو سے زائد افراد نے ملک بھر سے حصہ لیا۔ 

یہ سروے 4اکتوبر سے11 اکتوبر 2021 کے درمیان کیا گیا۔ جن 68 فیصد افراد نے موجودہ سروے میں اخراجات پورے نہ ہونے کا کہا۔ ان کی شرح سب سے زیادہ خیبرپختونخوا میں نظر آئی۔ جو85 فیصد تھی۔ جس کے بعد پنجاب سے 67 فیصد، سندھ سے64 فیصد اور بلوچستان سے 43فیصد افراد نے موجودہ آمدن میں اخرجات پورے نہ ہونے کا کہا۔ 

مختلف سماجی اور معاشی طبقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی رائے کو دیکھا جائے تو پسماندہ طبقے سے تعلق رکھنے68 فیصد افراد نے خرچے پورے نہ ہونے کا بتایا۔ لوئر مڈل کلاس کے بھی68 فیصد، مڈل کلاس یعنی متوسط طبقے کے77فیصد، اپر مڈل کلاس کے 59 فیصد، جبکہ بالائی طبقے سے58 فیصد افراد نے ماہانہ آمدن میں خرچے پورے نہ ہونے کا کہا۔ 

سرو ے میں یہ بھی دیکھا گیا کہ اخراجات پورے کرنے میں ناکامی کے باعث 30 فیصد پاکستانیوں نے ہر ماہ ادھار لے کر اپنے خرچے پورے کرنے کا بتایا۔ 30 فیصد نے ہی پارٹ ٹائم جاب کرنے جبکہ37فیصد نے خرچوں میں کمی کرکے اخراجات پورے کرنے کا کہا۔ 

پلس کنسلٹنٹ کے سروے میں جن32 فیصد افراد نے اخراجات پورے ہونے کا کہا ان سے یہ بھی پوچھا گیا کہ کیا وہ پیسے بچانے میں کامیاب ہوتے ہیں؟ جواب میں 31 فیصد نے پیسے بچانے میں کامیاب ہونے کا کہا۔ لیکن 69 فیصد نے اس سے انکار کیا۔

تازہ ترین