• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گرانفروشوں کیخلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے‘ ن لیگ

کوئٹہ (پ ر)پاکستان مسلم لیگ(ن) کوئٹہ ڈویژن کے صدر محمد رحیم کاکڑ، جنرل سیکرٹری جاوید اقبال، آغا عمر شاہ، نسیم الرحمٰن، میر وائس کاکڑ ایڈووکیٹ، خائیداد ترین، ملک رازق کاکڑ، شاہ مسعود کاکڑ، ارباب اقبال، ذاکر بنگلزئی، سلمان درانی، نثار اچکزئی اور آصف حریفال نے بیان میں کہا ہے کہ بارہ ربیع اول کا دن ہمیں انصاف رواداری ،مساوات، پرہیز گاری، بھائی چارہ اورجہاد فی سبیل اللہ کا درس دیتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے یہ کائنات محسن انسانیت کی وجہ سے بنائی ،ہمیںچاہئے کہ ہم محسن انسانیتؐ کی سنت پر چلیں اور ان کے بتائے ہوئے اصولوں پر چلیں۔انہوں نے کہا کہ ہم بحیثیت مسلمان جب تک جہاد فی سبیل اللہ کے راستے پر نہیں چلیں گے اس وقت تک ہم اپنا کھویا ہوا مقام حاصل نہیں کرسکتے ۔ درایں اثناء انہوں نے بیان میں صوبے میں مہنگائی کی موجودہ لہر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیف سیکرٹری و دیگر متعلقہ افسران سے مطالبہ کرتے ہیںکہ وہ فوری طور پر صوبے بھر میں اور خاص طور پرکوئٹہ میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے تمام ڈویژ ن کی سطح پر پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال کریں اور گراں فروشوں اور خاص کر ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے کیونکہ مہنگائی کے نہ تھمنے والے طوفان اور دوسری جانب ذخیرہ اندوزوں و گرانفروشوں نے ہر شے عوام کی دسترس سے دور کردی ہے ۔ عوام جو پہلے ہی دو وقت کی روٹی کے محتاج کردیئے گئے تھے اب خودکشیوں پر مجبور ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئے روز اضافے کی وجہ سے اشیاء ضروریہ کی ہر چیز کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا، عوام بجلی گیس کے بلوں کو ادا کریں یا دو وقت کی روٹی اپنے بچوں کو کھلائیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ذخیرہ اندوزوں و گرانفروشوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔
تازہ ترین