• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیٹف، پاکستان فروری تک گرے لسٹ میں رہے گا، 34 میں سے 30 نکات پر عمل مکمل


اسلام آباد(خبرایجنسی، جنگ نیوز) فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) نے تین روزہ اجلاس میں پاکستان کو گرے لسٹ میں ہی رکھتے ہوئے ترکی، اردن اور مالی کو بھی گرے لسٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا جبکہ ماریشس کو اس لسٹ میںسے نکالنے کا فیصلہ کیاہے۔

فیٹف صدر ڈاکٹر مارکوس پلیئر کاکہناہےکہ پاکستان نے 34میں سے 30نکات پر عمل مکمل کرلیا،استغاثہ اور قانون سازی میں مزید کام کی ضرورت ہے، پاکستان مجموعی طور پر نئے ایکشن پلان پر بہتر کار کردگی دکھا رہا،جلد باقی 4نکات پر بھی عمل کرے، بھارتی وزیر خارجہ کے بیان پر تبصرہ نہیں کروں گا۔

فیٹف تکنیکی ادارہ، فیصلے متفقہ ہوتے ہیں،دوسری جانب وزارت خزانہ نے کہاہےکہ 2021ایکشن پلان کے باقی3اور 2018ایکشن پلان کے آخری نکتے پر پاکستان نے مقررہ مدت سے پہلے ہی خاطر خواہ پیش رفت کی،دونوں پلانز کے مکمل اہداف حاصل کریں گے۔ 

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کا پلینری ورچوئل اجلاس ڈاکٹر مارکوس پلیئر کی صدارت میں ہوا ، اجلاس میں عالمی اداروں نے شرکت کی اور فیصلہ کیاگیاکہ ایف اے ٹی ایف کی طرف سے پاکستان کو مزید 4ماہ کے لیے نگرانی کی گرے لسٹ میں ہی رکھا جائے گا، پاکستان کے اسٹیٹس میں تبدیلی کا فیصلہ فروری 2022 میں ہونےوالے آئندہ سیشن میںہو گا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مارکوس پلیئر نے کہا کہ پاکستان گرے لسٹ میں رہے گا، پاکستان کو جون میں ایف اے ٹی ایف کے ریجنل شراکت دار اے پی جی کی نشان دہی پر ایکشن پلان میں بڑی حد تک منی لانڈرنگ کے مسائل تھے۔ 

پاکستان مجموعی طور پر اس نئے ایکشن پلان پر بہتر کار کردگی دکھا رہا ہے، اس میں حکام کی فنانشل نگرانی اور بین الاقوامی تعاون کے لیے قانونی ترامیم شامل ہیں،فیٹف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے 34 میں سے 30 نکات پر عمل در آمد کر لیا ہے جس سے پاکستانی حکومت کا عزم واضح ہے۔ 

اسی وجہ سے پاکستان کو بلیک لسٹ کرنے کے حوالے سے کوئی گفتگو نہیں ہو رہی۔ پاکستانی حکومت ہمارے ساتھ تعاون کر رہی ہے اور ہم انہیں کہتے ہیں کہ وہ جلد از جلد باقی چار نکات پر عمل در آمد کریں،انہوں نے کہا کہ ترکی کو منی لانڈرنگ کے خلاف قوانین پر عمل درآمد بہتر کرنا ہوگا۔

تازہ ترین