• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک امین اعوان کی جانب سے عیدمیلادالنبی ﷺ کی محفل

ویانا (اکرم باجوہ) ویانا کی معروف سماجی، مذہبی و کاروباری شخصیت حاجی ملک امین اعوان کی جانب سے اعوان آشیانہ ویانامیں 16ویں سالانہ عیدمیلاد النبی ﷺ و ذکر نعت کی محفل کا انعقاد کیا گیا جس میں پولینڈ،ہنگری اور آسٹریا کے مختلف شہروں سے پاکستانی کمیونٹی نے اور سفارت خانہ پاکستان کے اعلیٰ افسران اور کمیونٹی افیئرز قونصلر ہمایوں شبیر جوئیہ نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ تقریب کا آغاز حافظ محمد ارشد کی تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا،اس موقع پر حضور نبی اکرمﷺ کی بارگاہ میں ہدیہ عقیدت پیش کئے گئے۔یورپ کے معروف نعت خواں شہر یار خان، سفیان شاہد،عبیر اعوان،خلدعباس،زبیر اعوان،خلیل احمد،مقصود احمد مغل،ممتاز حسین،حاجی اکبر علی،طاہر عباس جنجوعہ،اختر باجوہ،میزبان حاجی ملک امین اعوان و دیگر محفل میں شریک تھے۔نظامت کے فرائض حفیظ اللہ قادری نے ادا کیے اور قصیدہ بردہ شریف حاضرین کے ساتھ مل کر پڑھا۔ پولینڈ سے تشریف لائے علامہ مدثر باجوہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کفر و شرک کا اندھیرا چھایا ہوا تھا ظلم و جبر نے اپنے منحوس پنجے معاشرے میں گاڑ رکھے تھے پورا معاشرہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھا انسانیت زوال اور انحطاط کی طرف سرک رہی تھی ماں، بہن اور بیٹی کے رشتوں کو پامال کیا جا رہا تھا لیکن اللہ تعالیٰ نے ہدایت کی منور راہیں کھولنے کا فیصلہ کیا اور ربیع الاوّل کے ماہ مبارک میں اپنی رحمتوں کی لامتناہی وسعتوں کے ساتھ اپنے پیارے محبوبﷺ کو دنیا میں بھیجا پھر انسانی تہذیب کے قرینے تبدیل ہو گئے ،گھپ اندھیروں کے بطن سے روشنی نے اڑان بھری اور آناً فاناً پورے عالم میں نورہدایت جگمگانے لگا، شکستہ حال اور لاچار لوگوں کو سہارا ملا، یتیموں کا اکیلا پن ختم ہوا، وہ پیارا نام محمدﷺ جس کی برکتیں لامتناہی ہیں کے ذکر کی رفعتیں بے کنار ہیں جس کے ہم سب امتی ہیں رسولﷺکی آمد سے کفر والحاد کے شبستانوں میں زلزلہ بپا ہوا، قیصر و کسریٰ کے محلات لرز اٹھے، اندھیری راتوں کے ٹکڑوں کی طرح چھائے سیاہ فتنے زائل ہو گئے، رحمت دوعالمﷺ کی آمد سے پوری فضا اس قدر معطر ہوئی کہ عرب و عجم جگمگا اٹھا۔ حضورﷺ آئے تو انسانوں کو جینے کا شعور آیا وہ شعور جو حضور ﷺ نےتقسیم کیا،صحابہ کرامؓ نے وصول کیا اور تعلیمات محمدیہ ﷺکو اپنایا اپنی زندگیوں کو تبدیل کیا۔شہر یار خان نے حاضرین کے ساتھ مل کر درودو اسلام پیش کیا۔اجتمائی دعائیہ کلمات میں علامہ مدثر باجوہ نے امت مسلمہ پاکستان کی ترقی اور سلامتی کی دعا اور شرکاء کے لواحقین جو اس دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں ان کی مغفرت کے لیے اور میزبان محفل کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ تقریب کے اختتام پر میزبان محفل حاجی ملک محمد امین اعوان نے شرکاء کا تقریب میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔آخر میں مہمانوں کو میلاد ڈنر پیش کیا گیا۔ 
تازہ ترین