• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیری عوام اور جماعتوں کو متحد ہونا ہوگا، تحسین گیلانی

وٹفورڈ( نمائندہ جنگ) جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ برطانیہ کے مرکزی صدر سیدتحسین گیلانی نے وٹفورد کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ 22 اکتوبر تا 27 اکتوبر 1947 کشمیر ی عوام کے لئے یوم سیاہ کی حیثیت رکھتے ہیں، انہوں نے کہا جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو جاتا کشمیر ی عوام کے لئے ہر دن یوم سیاہ کی حیثیت رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کشمیر ی عوام اور کشمیری جماعتوں کو ایک روڈ میپ پر متحد ہو نا ہو گا، انہوں نے کہا کہ کچھ قوتیں کشمیر ی عوام کو آپس میں تقسیم کر رہی ہیں جس کو کشمیر ی عوام ناکام بنا دیں گے ۔ انہوں نے کہا اعلان پلندری کشمیر ی عوام کی متفقہ آواز ہے ۔ انہوں نے کہا آزاد کشمیر حکومت کوٹلی میں جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے ضبط شدہ لٹریچر کو فوری واپس کرے، ہماری تحریک پرامن ہے، ہم ریاست میں امن کے خواہ ہیں ، انہوں نے کہا آزاد کشمیر کی حکومت اور سیاسی قیادت مسئلہ کشمیر کو سستی شہرت کی خا طر کشمیر کارڈ کے طور پر استعمال کر رہی ہیں جو شہدائے جموں کشمیر کی روح کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت پاکستان آزاد کشمیر کو ایک آزاد ریاست تسلیم کرنے کا درجہ دے تاکہ کشمیر ی عوام کشمیر پر اقوام متحدہ کے ایوانوں میں ہماری آواز عالمی برادری کے سا منے خود پہنچا سکیں ،انہوں نے کہا یہ انسانی حقوق کی چارٹر کی بدترین خلاف ورزی ہے کے پاکستان کے احتجاج کے باوجود اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری نے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر خاموشی اختیار کر رکھی جو مجرمانہ فعل ہے ۔ انہوں نے کہا 22 اکتوبر 1947 کو قبائلی لشکر نے کشمیر میں مداخلت کی جس کے عوض بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں مداخلت کرتے ہوئے اپنی فوج بھیج کر کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کرلیا اور کشمیر ی عوام کے دباؤ سے بچنے کیلئے مسئلہ کشمیر کو اقوام میں لے گیا اور کشمیر ی عوام کو حق خودارادیت دینے کا وعدہ کیا مگر اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے تحت یہ وعدہ آج تک وفا نہ ہوسکا، بھارت نے 5 اگست 2019 کشمیر کی وحدت پر شب خون مارتے ہوئے کشمیر کو یونی ٹیریٹری کا درجہ دے دیا اس کو مرکز کے کنٹرول میں لے لیا ، اب تقسیم کشمیر کی باتیں ہو رہی ہیں ۔ بعد ازاں انہوں نے وٹفورڈ برانچ کی تنظیم نو کےلئے کنویننگ کمیٹی بنائی جس میں چوہدری محمد سعید ،چوہدری محمد صدیق ،چوہدری رفیق،راجہ محمد عارف، چوہدری لیاقت علی ،راجہ افسر کمان و دیگر شامل ہیں ۔ 
تازہ ترین