• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فضائی حدود استعمال معاملہ، رانا مقبول کی سینیٹ میں تحریک التواء

اسلام آباد (جنگ نیوز) سینیٹر رانا مقبول احمد نے تحریک التوا کے ذریعے سینٹ ارکان کی توجہ قومی اہمیت کے حامل ایک اہم معاملے کی طرف مبذول کروائی ہے کہ ملکی و غیر ملکی میڈیا میں کچھ ایسی رپورٹس سامنے آئی ہیں جن میں پاکستان کی فضائی حدود کے استعمال کے حوالے سے امریکہ کے ساتھ ہونے والے ممکنہ معاہدے کی خبر دی گئی ہے۔ اپنی تحریک التواء میں انہوں نے کہا کہ اخباری رپورٹس کے مطابق پاکستان کے دفتر خارجہ نے تسلیم کیا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین دہشتگردی کی روک تھام کیلئے بات چیت ہوئی ہے۔ جبکہ امریکی ٹی وی کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ واشنگٹن پاکستان کے ساتھ ایک ایسا معاہدہ کرنے کے قریب ہے جس کی رو سے امریکہ افغانستان میں فوجی کارروائی کیلئے پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرسکے گا۔ رپورٹ ان اطلاعات پر مبنی ہے جنہیں جمعہ کے روز بائیڈن انتظامیہ نے ارکان کانگریس کو دی جانے والی ایک خفیہ بریفنگ میں شیئر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق امریکہ پاکستان کے ساتھ کسی باقاعدہ معاہدے کے بغیر پہلے ہی ان ڈرونز کیلئے پاکستان کی فضائی حدود استعمال کر رہا ہے جو قطر اور متحدہ عرب امارات سے اڑ کر افغانستان کی جاسوسی کیلئے آتے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اطلاعات بہت پریشان کن ہیں اور امریکہ کے ساتھ ایسے تعاون کے نتائج ہم ماضی میں بھگت بھی چکے ہیں۔ اس لئے ضروری ہے کہ اس اہم مسئلے پر ایوان کو اعتماد میں لیا جائے اور اس معاملے کی درست تصویر ایوان کے سامنے لائی جائے۔ انہوں نے تحریک التوا میں درخواست کی ہے کہ ایوان کی کارروائی معطل کرکے اس اہم مسئلے کو ایوان میں زیر بحث لایا جائے تاکہ اصل صورتحال ایوان کے سامنے آسکے۔

تازہ ترین