• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویڈیو: کیچ ڈراپ کرنے کے بعد حسن علی کے چہرے پر شرمندگی واضح


آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلوی کرکٹر میتھیو ویڈ کا کیچ ڈراپ ہونے کے بعد حسن علی کے چہرے پر آنے والے شرمندگی کے تاثرات کو کیمرے کی آنکھ میں بند کرلیا گیا جس کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے۔

گزشتہ روز ہونے والے سیمی فائنل کے 19ویں اوور کے دوران شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر فاسٹ بولر حسن علی کے ہاتھوں میتھیو ویڈ کا کیچ ڈراپ ہوگیا تھا جس کے بعد حسن علی شدید دباؤ میں آگئے تھے۔

حسن علی کے چہرے کے تاثرات سے صاف ظاہر ہورہا تھا کہ وہ اپنی اس غلطی پر شدید شرمندہ ہیں اور اسی دوران شعیب ملک نے تھپکی دے کر اُن کا حوصلہ بھی بُلند کرنے کی کوشش کی تھی۔

اب سوشل میڈیا پر حسن علی کی وہ ویڈیو وائرل ہورہی ہے جوکہ سیمی فائنل کے ختم ہونے کے بعد کی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حسن علی کیچ ڈراپ ہونے کی وجہ سے بہت افسردہ ہیں کیونکہ وہ کیچ بہت اہم تھا اور اس ایک غلطی کی وجہ سے میچ پاکستان کے ہاتھ سے نکل گیا تھا۔

دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین ٹوئٹر پر حسن علی کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اُنہیں ہمت نہ ہارنے کی تلقین کررہے ہیں۔

صارفین کا کہنا ہے کہ حسن علی نے جان بوجھ کر یہ غلطی نہیں کی اور اُنہیں اپنی غلطی پر شرمندگی بھی ہے لہٰذا وہ ہمارے ہیرو تھے اور ہمیشہ رہیں گے۔

واضح رہے کہ میچ کے 19ویں اوور میں شاہین آفریدی کی گیند پر کیچ چھوٹنے کے بعد ویڈ نے 3 چھکے لگاکر پاکستان سے جیت چھین لی تھی۔ 

ویڈ نے17گیندوں پر 41 نا قابل شکست رنز بنائے جس میں چار چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔

ان کی ناقابل یقین اننگز اور ساتھی مارکس اسٹوئنس کی 31 گیندوں پر 40 رنز کی اننگز کی بدولت آسٹریلیا اب فائنل میں پہنچ گیا ہے جہاں اتوار کو وہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کھیلے گا۔