آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلوی کرکٹر میتھیو ویڈ کا کیچ ڈراپ ہونے کے بعد حسن علی کو شعیب ملک نے تھپکی دی جس پر کمنٹیٹرز نے ملک کے لیے تعریفوں کے پُل باندھ دیے۔
گزشتہ روز ہونے والے سیمی فائنل کے 19ویں اوور کے دوران شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر فاسٹ بولر حسن علی کے ہاتھوں میتھیو ویڈ کا کیچ ڈراپ ہوگیا تھا جس کے بعد حسن علی شدید دباؤ میں آگئے تھے۔
حسن علی کے ہاتھ سے ڈراپ ہونے والا کیچ بےحد اہم تھا اور اس ایک کیچ ڈراپ کی وجہ سے میچ پاکستان کے ہاتھوں سے نکل گیا تھا۔
اس کیچ ڈراپ کے بعد کیمرے کی آنکھ نے حسن علی کا اُترا ہوا چہرہ دِکھایا اور ساتھ میں یہ بھی دِکھایا کہ کس طرح شعیب ملک نے اپنے ساتھی کرکٹر کو تھپکی دے کر اُن کا حوصلہ بُلند کیا۔
شعیب ملک کی حسن علی کو دی گئی تھپکی پر کمنٹیٹرز اور شائقینِ کرکٹ نے اُن کی اسپورٹس مین اسپرٹ کی خوب تعریف کی۔
واضح رہے کہ میچ کے 19ویں اوور میں شاہین آفریدی کی گیند پر کیچ چھوٹنے کے بعد ویڈ نے 3 چھکے لگاکر پاکستان سے جیت چھین لی۔
ویڈ نے17گیندوں پر 41 نا قابل شکست رنز بنائے جس میں چار چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔ان کی ناقابل یقین اننگز اور ساتھی مارکس اسٹوئنس کی 31 گیندوں پر 40 رنز کی اننگز کی بدولت آسٹریلیا اب فائنل میں پہنچ گیا ہے جہاں اتوار کو وہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کھیلے گا۔