کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائیکورٹ نے نیب تحقیقات، طریقہ کار کے قواعد و ضوابط بنانے سے متعلق درخواست کی سماعت پر آئندہ سماعت پر فریقین سے نیب رولز سے متعلق پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔ پیر کو ہائی کورٹ میں نیب تحقیقات، طریقہ کار کے قواعد و ضوابط سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے ریمارکس دیئے کیا نیب رولز بن گئے کام شروع ہوگیا؟ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ہم نے ہیڈ کوارٹر کو خط لکھ دیا تھا۔ اتنے عرصے سے قواعد و ضوابط نہ بنانے پر عدالت برہم ہوگئی۔ جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے ریمارکس دیئے کہ رولز نہیں بنے تو ڈرافٹ تو تیار ہوگیا ہوگا وہ پیش کریں۔ پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ رولز بنانے کیلئے وزرات لا اینڈ جسٹس اور دیگر کو لکھ دیا گیا ہے۔ جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے ریمارکس دیئے ہم ڈرافٹ دیکھنا چاہتے ہیں۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر فریقین سے نیب رولز سے متعلق پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔ پراسیکیوٹر نیب نے بتایا تھا کہ سپریم کورٹ میں اٹارنی جنرل رولز پیش کرنے کی یقین دھانی کرا چکے ہیں۔ دائر درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ نیب نے رقم کی ریکوری سے اپنا حصہ لینے کیلئے دو ہزار دو میں قوانین بنالیے لیکن تحقیقات کے رولز نہیں بنائے۔ نیب رولز بنانے میں جان بوجھ کر تاخیر کی جا رہی ہے۔ نیب برسوں سے بغیر رولز بنائے کام کر رہا ہے۔ نیب آرڈیننس شق 34کے تحت رولز بنانا لازم ہیں۔ 20سال سے نیب، رولز کے بغیر چل رہا ہے۔ رولز کے بغیر انکوائری اور انویسٹی گیشن نہیں ہو سکتی۔