• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سری لنکن شہری کا بہیمانہ قتل، انسانی حقوق قومی کمیشن کی شدید مذمت

اسلام آ باد (نمائندگان جنگ ) انسانی حقوق کے قومی کمیشن (این سی ایچ آر) نےسیالکوٹ میں سری لنکن شہری و فیکٹری منیجر ناناداسی پریانتھ کمارا کو تشدد سے قتل کے بعد جلانے کے افسوسناک واقعے پر گہری تشویش اور شدید مذمت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ واقعہ نے قوم کو ہلا کر رکھ دیا ،فوری انصاف کیلئےسخت ترین اقدامات کیے جائیں ۔ہفتے کو کمیشن کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے بہیمانہ ہلاکت نہایت ہی افسوسنات اور قابل مذمت ہے،اس واقعے نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا ہے لہٰذا ریاست کو فوری انصاف کو یقینی بنانے کے لئے سخت ترین اقدامات کرنے چاہییں، ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ کمیشن ہی نہیں پورا پاکستان مسٹر ننداسی پریانتھ کمارا کے غمزدہ خاندان کے ساتھ کھڑا ہے اور اس واقعہ کی غیر جانبدارانہ، گہرائی سے اور تیز رفتار تحقیقات، پولیس کے دیر سے ردعمل اور سیکورٹی کی کمی کی تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے۔اس موقع پر کمیشن تمام متعلقہ محکموں کے ساتھ کیس کی تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت کی پیروی کر رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو لکھے گئے خط میں این سی ایچ آر نے اعلیٰ اختیاراتی تحقیقاتی کمیٹی بنانے اور قصورواروں کو عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مستقبل میں اس طرح کا کوئی واقعہ پیش نہ آئے۔

تازہ ترین