• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کمیونٹی کو پاکستان کی معیشت کو مضبوط کرنے کیلئے موقع ہے، آفتاب کھوکھر، ایس بی پی اور ایچ بی ایل کے اشتراک سے ویبینار

ویانا(اکرم باجوہ) آسٹریا میں سفارتخانہ پاکستان ویانا نے 8 دسمبر کو اسٹیٹ بنک پاکستان اورحبیب بینک لمیٹڈ (HBL) کے اشتراک سے حکومت پاکستان کی جانب سے شروع کیے گئے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے حوالے سے ایک ویبینار کا اہتمام کیا جس میں پاکستانی کمیونٹی کے ارکان اور کمیونٹی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ سفیر پاکستان آفتاب احمد کھوکھر نےکہا کہ سمندر پار پاکستانی پاکستان کا انمول اثاثہ ہیں اور روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ (RDA) انہیں پاکستان کی معیشت میں حصہ لینے اور پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط کرنے کا ایک بہتر موقع فراہم کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ آر ڈی اے کے فروغ کے لیے سفارت خانہ پاکستان ویانا کا یہ تیسرا ویبینارہے اور وہ اس کی مزید تشہیر کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔انہوں نے آسٹریا میں مقیم پاکستانیوں کو اکاؤنٹس کھولنے میں درپیش کچھ چیلنجز بھی بتائے اور اس کے جلد حل کی خواہش کا اظہار کیا۔ حبیب بینک لمیٹڈ کے ہیڈ برانچ بینکنگ محمد ناصر سلیم نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے RDA کے فوائد پر روشنی ڈالی ، انہوں نے یہ بھی بتایا کہ HBL نے ربا سے پاک بینکنگ اور سرمایہ کاری کے مواقع پیش کیے جو شریعت کے مطابق تھے۔ اسٹیٹ بینک پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید عرفان علی نے نشاندہی کی کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کو پاکستانی تارکین وطن کی جانب سے بہت حوصلہ افزا جواب ملا ہے کیونکہ اس کے آغاز کے بعد سے 3 بلین ڈالر بھیجے جا چکے ہیں۔ حبیب بینک لمیٹڈ کے ماہرین کی ایک ٹیم نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ انیشیئٹو کی خصوصیات کی وضاحت کے لیے پریزنٹیشنز پیش کیں اور حاضرین کے سوالات کے جوابات دئیے۔ان کا کہنا تھا کہ مقامی پاکستانیوں کی نسبت تارکین وطن کمیونٹی کے پاس RDA کے ذریعے سرمایہ کاری پر منافع کی شرح زیادہ ہے۔ انہوں نے روشن اپنی کار اور روشن اپنا گھر قرضہ اسکیموں کے بارے میں بھی بتایا۔ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اسٹیٹ بینک پاکستان کا ایک اقدام ہے جو غیر مقیم پاکستانیوں کو بینکنگ کے جدید حل اور مختلف سہولیات فراہم کرتا ہے جس سے وہ پاکستان میں دور دراز سے غیر ملکی کرنسی اور پاک روپیہ بینک اکاؤنٹس کھول سکتے ہیں اور سرمایہ کاری کے مختلف مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

تازہ ترین