• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکن مسلم ڈیموکریٹک کاکس کے رہنما نے ڈسٹرکٹ کلرک کے عہدے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے

امریکن مسلم ڈیموکریٹک کاکس کے رہنما سید فیاض حسن نے ٹیرنٹ کاؤنٹی ٹیکساس میں ڈسٹرکٹ کلرک کے عہدے کے لیے ڈیموکریٹک پارٹی کے دفتر میں اپنے حامیوں کے ہمراہ کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے۔ 

اس موقع پر ٹیکساس اسٹیٹ کی ریاست میں اسمبلی کی رکن ٹیری میزا، ڈیموکریٹک رہنما اور ڈیلس پیس سینٹر کےسابق صدر آفتاب صدیقی، ڈیبورا اسپیل امجد اور نادیہ بھولر مسلم ڈیموکریٹک کاکس کے میڈیا کوآرڈینیٹر راجہ زاہد اختر خانزادہ سمیت سید فیاض حسن، کی اہلیہ تزین حسن اور ان کے صاحبزادے بابر حسن بھی کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے موقع پر موجود تھے۔

سید حسن کا تعلق پاکستان کراچی سے ہے وہ ٹیکساس کے مسلم ڈیموکریٹک کاکس کے بانی اور ماضی میں کاکس کے صدر بھی رہے ہیں جبکہ انہوں نے ڈیموکریٹک پارٹی ٹیکساس میں نائب صدر ( معزور افراد ) کے عہدہ پر بھی اپنی خدمات سرانجام دی ہیں۔ 

سید فیاض نے اپنے سیاسی کیئریر کی ابتدا ڈیموکریٹک پارٹی میں پریسنٹ چیئر کے بطور شروع کیں جبکہ وہ الیکشن جج بھی رہے اور ٹیکساس میں ڈیموکریٹک پارٹی کے اہم رہنماؤں کے بطور جانے جاتے ہیں۔ سید حسن نے بطور مندوب ڈیموکریٹک پارٹی کے چار قومی کنونشنوں میں اپنی ریاست کی نمائندگی بھی کی ہے۔

انہوں نے 2018 میں کاؤنٹی کمشنر کے عہدے کے لیے انتخاب لڑا اور ڈیموکریٹک پارٹی کی پرائمریز میں 7,000 سے زیادہ ووٹ حاصل کیئے مگر وہ یہ انتخاب نہ جیت سکے۔ اب تک سید فیاض حسن ٹیرنٹ کاؤنٹی ڈیموکریٹک پارٹی 2022 کے انتخابات کے لیے ڈیموکریٹک پارٹی کے واحد امیدوار ہیں۔ 

اگر موجودہ صورتحال برقرار رہی تو انکا مستقبل میں اس عہدے کے لیے براہ راست مقابلہ ریپبلکن پارٹی کے نامزد امیدوار سے ہوگا جبکہ ریپبلکن امیدوار پرائمری میں ایک دوسرے کا مقابلہ کر رہے ہیں اس لیے یہ پتہ نہیں کہ عام انتخابات میں ان کا مقابلہ ریپلکن پارٹی کے کس امیدوار سے ہوگا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید فیاض حسن کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت وہی رہنما سرانجام دے سکتے ہیں جن میں قابلیت کے ساتھ ساتھ صلاحیتیں بھی موجود ہوں اور ٹیرنٹ کاؤنٹی تبدیلی کے ساتھ ساتھ بہتر اور نئی قیادت کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ مذکورہ اکاؤنٹ ریپبلکن کا گڑھ تصور کی جاتی تھی تاہم ڈیموکریٹس نے پچھلے دو عام انتخاب میں انتہائی کم مارجن سے ٹیرنٹ کاؤنٹی کی نشستیں حاصل کرکے ریپبلکن کو پریشانی میں مبتلا کردیا ہے۔ 

اس طرح سید فیاض حسن کے پاس 2022 کے انتخابات میں یہ نشست جیتنے کا بہت اچھا موقع ہے۔ سید فیاض حسن پاکستانی نژاد امریکی ہیں وہ ڈیٹا بیس پروفیشنل ہیں اور ڈیٹا مائننگ اور ریکارڈ پریزنٹیشنز میں گہری معلومات اور تجربہ رکھتے ہیں۔ 

سید کے پاس اپلائیڈ تجزیاتی شعبوں میں ماسٹرز کی تین ڈگریاں ہیں اور منصوبہ بندی، ڈیٹا سائنس، اندرونی آڈٹ اور پراجیکٹ مینجمنٹ میں پینتیس سال سے زائد کا تجربہ ہے۔ 

اس وقت سید حسن دنیا کے سب سے بڑے بینکنگ کارپوریشنوں میں سے انٹرنل آڈٹس کے نائب صدر کے طور پر اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ مسلم کمیونٹی اور دیگر اقلیتی کمیونٹی کے افراد نے ان کے کاغذات نامزدگی کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان کی بھرپور مدد کا یقین دلایا ہے۔

تازہ ترین