• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیر مستحکم افغان حکومت کسی کے مفاد میں نہیں، افغان وزیر خارجہ

افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی کا کہنا ہے کہ امریکا سمیت تمام ممالک کیساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں، افغانستان کے خلاف پابندیوں کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا، افغانستان کو غیر مستحکم کرنا یا کمزور افغان حکومت کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔

امریکی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں امیر خان متقی کا کہنا تھا کہ افغانستان کے 34 میں سے 10 صوبوں میں لڑکیاں بارہویں جماعت تک اسکول جارہی ہیں، جبکہ نجی اسکول اور یونی ورسٹیز بلا روک ٹوک کام کررہی ہیں۔

افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ نے کہا کہ 10 بلین منجمد افغان اثاثوں کو جاری کیا جائے، ہر گزرتےدن کیساتھ ہم تجربہ اور مزید پیشرفت حاصل کرتے رہیں گے۔

امیر خان متقی نے بتایا کہ صحت کے شعبےمیں کام کرنےوالی 100فیصد خواتین دوبارہ ملازمت پر آچکی ہیں، طالبان مخالفین کو ہدف نہیں بنا رہے، انہیں عام معافی، تحفظ دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ طالبان نے اپنے اقتدار کے پہلے مہینوں میں غلطیاں کی ہیں، مزید اصلاحات کے لیے کام کریں گے جس سے قوم کو فائدہ ہو سکتا ہے۔

امیرخان متقی نے غلطیوں یا ممکنہ اصلاحات کی وضاحت نہیں کی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے امریکا وقت کے ساتھ افغانستان کیلئے پالیسی تبدیل کرلے گا۔

تازہ ترین