اسلام آباد ( نمائندہ جنگ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بجلی کی قیمتوں میں 4 روپے 33پیسے فی یونٹ مزید اضافے کی درخواست واپس لینے کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی نااہلی کی سزا عوام بھگت رہے ہیں، بجلی مہنگی کرکے عوام اور معیشت کے مسائل نہ بڑھائے جائیں،اپنے بیان میں اپوزیشن لیڈر نے کہا ہے کہ ہر ماہ بجلی اور اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ قوم کا معاشی استحصال اور قتل ہے، بجلی کے ہر اضافے پر قوم کو یاد آ جاتا ہے کہ بجلی کی قیمت بڑھانے والا وزیراعظم چور ہوتا ہے،بجلی کی قیمت بھی بڑھتی جا رہی ہے لیکن پھر بھی گردشی قرض تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے،حکومت بجلی کی قیمت بڑھا کر بھی گردشی قرض کم نہیں کر سکی، دعویٰ کیا گیا تھا کہ گردشی قرض ختم کردیں گے لیکن یہ قرض کم ہونے کے بجائے دوگنا ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر گزرے دن کے ساتھ گیس بحران سنگین ہوتا جا رہا ہے، صنعتوں کو بھی گیس کی کمی کا سامنا ہے، عوام حکومت کی نا اہلی کی سزا بھگت رہے ہیں، لیکن افسوس یہ ہے کہ حکمران اب بھی ماننے کو تیار نہیں۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ بجلی کی قیمتیں بڑھانا مسئلے کا حل نہیں، عوام اور معیشت کے مسائل مزید نہ بڑھائے جائیں۔قوم کو مزید تکلیف دینے کے بجائے حکومت مستعفی ہوجائے۔ یہ حکومت عوام کے لئے مستقل تکلیف بن چکی ہے، اس سے نجات ہی قوم کو مصائب سے نجات دے سکتی ہے۔