لاہور (اے پی پی)لاہور کی احتساب عدالت نے مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف، حمزہ شہباز سمیت خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس میں شریک ملزم احمد علی پر فرد جرم عائد کر دی ،ملزم نے صحت جرم سے انکار کردیا جس پرعدالت نے استغاثہ کے گواہان کو بیانات ریکارڈ کرانے کیلئے طلب کرلیا۔احتساب عدالت کے جج نسیم احمد ورک نے منی لانڈرنگ ریفرنس پر سماعت کی۔پیر کو سماعت پر شہباز شریف عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی حاضری مکمل کرائی۔ دیگر ملزمان نے پیش ہوکر اپنی حاضری لگائی جبکہ حمزہ شہباز کی طرف سے ان کے وکیل نے ایک روز کی طبی بنیاد پر حاضری معافی کی درخواست پیش کی جس میں استدعا کی گئی کہ حمزہ شہباز کمر درد کے باعث پیش نہیں ہوسکتے آج کی حاضری سے استثنی دیا جائے۔ عدالت نے درخواست منظور کرلی ۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت دس جنوری تک ملتوی کردی۔سماعت کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔