• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
All Pakistan Muslim League America Annual Convention In Houston
راجہ زاہد اختر خانزادہ......آل پاکستان مسلم لیگ امریکا کا سالانہ کنونشن امریکی ریاست ٹیکساس کے شہرہیوسٹن میں منعقد کیا گیا جس میں امریکابھر سے پارٹی عہدیداران نے شرکت کی۔

مقامی ہوٹل میں منعقد ہونے والے اس چوتھے سالانہ کنونشن میں آل پاکستان مسلم لیگ امریکا کے صدر عدیل شاہ،جنرل سیکرٹری پرویز محمود،سعید شیخ،جاوید صدیقی،ندیم خان،طارق خان،ڈاکٹر تسنیم آغاز،انجم بھٹی،ڈاکٹر سرفراز اور دیگر نے خطاب کیا۔

اس موقع پر آل پاکستان مسلم لیگ ہیوسٹن کے صدر اٹارنی نومی حسن کے والد خالد حسین کی وفات پر دعائے مغفرت اور فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے اے پی ایم ایل امریکا کے صدر عدیل شاہ نے کہا کہ امریکا بھر میں پارٹی کی رکنیت سازی کو تیز کرنے کیلئے امریکا بھر میں تمام چیرٹیز اپنی سرگرمیوں کو تیز کریں۔انہوں نے کہا کہ اے پی ایم ایک اے اس لیے قائم کی گئی تاکہ پاکستان میں ایماندار اور دیانتدار قیادت کو آگے لایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرپشن نے ملک کو کھوکھلا کر دیا ہے ۔

قوم کی نظریں ایک ایماندار اور دیانتدار لیڈر کی طرف ہیں، پاکستان میں موجود سیاسی جماعتیں جو کہ مشرف دشمنی پر اتری ہوئی ہیں وہ ملک کی ترقی کی بھی دشمن ہیں انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف پاکستان کی ترقی کیلئے پر عزم ہیں جبکہ ان کا شاندار اور بے داغ ماضی اس بات کا گواہ ہے کہ انہوں نے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔اس موقع پر آل پاکستان مسلم لیگ کے جنرل سیکرٹری پرویز محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہیوسٹن میں ہونے والے اس کنونشن کے تحت امریکا بھر میں پارٹی ورکروں کیلئے رہنمائی کا ایک موقع فراہم کیا گیا ہےجو کہ مستقبل کیلئے سنگ میل ثابت ہو گا۔

ڈاکٹر تسنیم آغا نے اپنے خطاب میںکہا کہ مشرف قوم کیلئے ایک سچے اور نڈر لیڈر ہیں اور ان کا ماضی کرپشن سے پاک ہے۔غزالہ حبیب نے کہا کہ پر ویز مشرف ایک بہتر رہنما ہیں۔ جاوید صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم پی ایم ایل کو متحرک اور سرگرم کرنے کی ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہ امریکا بھر میں پارٹی کو متحرک کیا جائے تاکہ امریکا میں رہنے والے باشعور شہری پاکستان کی سیاست میں متحرک کردار ادا کر سکیں۔ اس موقع پر طارق خان اور دیگر افراد نے بھی خطاب کیا۔
تازہ ترین