• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گانا ’بچپن کا پیار‘ گانے والے ساہدیو دِردو ٹریفک حادثے کا شکار

بچپن کا پیار ویڈیو وائرل ہونے کے بعد شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے ساہدیو دِردو ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے کے بعد صحتیابی کی طرف لوٹنا شروع ہوگئے ہیں۔

انہیں گزشتہ روز موٹرسائیکل پر حادثہ پیش آیا تھا اور وہ سر پر چوٹ لگنے کے بعد بے ہوش ہوگئے تھے ، تاہم اب ہوش میں آگئے ہیں۔

بھارتی ریاست چھتیس گڑھ سے تعلق رکھنے والے 10 سالہ ساہدیو دِردو کی صحت سے متعلق ریپر سونگ گانے والے گلوکار بادشا ہ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر تفصیلات شیئر کی ہیں، جس میں انہوں نے بتایا کہ ساہدیو دِردو کی طبیعت اب بہتر ہے اور انہیں ہوش آگیا ہے، تاہم وہ اچھے نیورو سرجن سے طبی معائنے کے لیے رائے پور جائیں گے۔

ریپر بادشاہ نے اپنے پیغام میں ساہدیو دِردو کے لیے دعائیں کرنے پر مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

واضح رہے کہ بچپن کا پیار ویڈیو وائرل ہونے کے بعد شہرت حاصل کرنے والےننھے گلوکار ساہدیو دِردو چھتیس گڑھ کے ایک ضلع سکما میں منگل کی شام کو کسی کے ساتھ موٹر سائیکل پر جارہے تھے اور انہوں نے ہیلمٹ بھی نہیں پہنا ہوا تھا، ان کی موٹر سائیکل پھسلنے کی وجہ سے ساہدیو دِردو کے سر میں شدید چوٹ آئی تھی، تاہم ان کی طبیعت اب بہتر بتائی جارہی ہے۔

یاد رہے کہ 2019 میں ریلیز ہونے والا بھارتی گانا بچپن کا پیار اس وقت توجہ کا مرکز بنا تھا جب ساہدیو دِردو نے کلاس میں کھڑے ہوکر ٹیچر کے سامنے سنجیدہ انداز میں یہ گانا گنگنایا تھا، جس کے بعد ساہدیو دِردو شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے اور ہر کوئی ان کے گانے کے انداز کو پسند کرنے لگا تھا۔

بچے کا انداز اس قدر مختلف تھا کہ ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوئی اور پھر سوشل میڈیا کے ٹرینڈ میں شامل ہوگئی، متعدد صارفین بچے کی آواز میں گائے گئے گانے پر ویڈیوز بناچکے ہیں۔

تازہ ترین