• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل7: اسٹیڈیم 100 فیصد بھرنے کی اجازت مل گئی


نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 7 کے میچز کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرلیا۔

این سی او سی نے پی ایس ایل 7 میں اسٹیڈیم کی 100فیصد گنجائش کے مطابق شائقین کے میچ دیکھنے کی اجازت دے دی۔

پی ایس ایل 7 کے میچز سے متعلق فیصلے کے حوالے سے این سی او سی نے وفاق، صوبوں اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو مراسلہ ارسال کردیا ہے۔

مراسلے کے مطابق صرف مکمل ویکسینیشن کےحامل افراد کو اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت ہوگی، پی سی بی ویکسینیٹڈ افراد کو ٹکٹ کے اجراء کےلئے میکنزم تیار کرے گا۔

مراسلے میں کہا گیا کہ پی سی بی کرکٹ میچز کے لئے سیکیورٹی انتظامات اور گراؤنڈ میں ایس او پیز پر عمل درآمد کی ذمے دار ہوگی۔

این سی او سی کے مراسلے میں کہا گیا کہ کرکٹ اسٹیڈیم میں شائقین کے لیے ماسک اور سماجی فاصلہ رکھنا لازمی قرار دیا جائے گا۔

این سی او سی نے مراسلے میں واضح طور پر کہا ہے کہ کورونا وبا کی صورتحال کے مطابق فیصلے پر نظر ثانی کی جا سکتی ہے۔

تازہ ترین