پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن سیون کی ٹیم ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس کے بعد بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ چیمپئن ٹیموں کو ٹاس سے کوئی فرق نہیں پڑنا چاہیے۔
پی ایس ایل کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر محمد رضوان کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس کے کیپشن میں کہا گیا کہ ’رضوان نے تو پیشگوئی کردی تھی۔‘
ویڈیو میں محمد رضوان کہتے ہیں کہ میچ میں پہلے یا بعد میں بیٹنگ کرنے سے کچھ نہیں ہوتا۔
محمد رضوان کا کہنا تھا کہ عموماً ٹاس جیتنے کے بعد ہم بولنگ ہی کرتے ہیں لیکن میرا خیال ہے کہ چیمپئن ٹیموں کو ٹاس سے کوئی فرق نہیں پڑنا چاہیے۔
وکٹ کیپر بیٹر کا خیال ہے کہ اچھی ٹیموں کو پہلے یا بعد میں بیٹنگ کرنے سے فرق نہیں پڑتا ، نتیجہ اچھی کرکٹ پر ہی آتا ہے۔
’ملتان سلطانز چیمپئن ٹیم بن گئی ہے‘
ملتان سلطانز کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری کپتان نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ ملتان سلطانز چیمپئن ٹیم بن گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ الحمد اللہ ساری چیزیں اچھی جارہی ہیں، بولرز اور تمام کھلاڑی چیمپئن ٹیم کی طرح پرفارم کررہے ہیں۔
محمد رضوان نے کہا کہ ٹیم مختلف مذاہب کے بھی لوگ ہیں اور دوسرے ملکوں کے بھی یہاں موجود ہیں، لیکن ہم یہاں ملتان سلطانز کے لیے کھیل رہے ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملتان سلطانز کے لیے کھیلتے ہوئے تمام کھلاڑیوں کی بس ایک ہی آواز ہوتی ہے۔
وکٹ کیپر بیٹر نے کہا کہ ہم چیمپئن تب بنیں گے جب گراؤنڈ میں ہر بندہ کوشش کرے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان سپر لیگ سیون میں چھ میچوں کے بعد پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم جیت گئی۔
سلطانز نے گلیڈی ایٹرز کو فتح کی جانب بڑھنے سے روک دیا، ابتدائی چھ میچوں میں بعد میں بیٹنگ کرنے والی ٹیم فاتح رہی تھی۔
دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز مسلسل 3 میچ جیت کر پہلے نمبر موجود ہے۔