• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے فٹبالرز برطانیہ میں فٹبال ٹریننگ حاصل کریں گے، مرتضیٰ وہاب

سوین ڈن ٹاؤن فٹبال کلب انگلینڈ اور ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن کراچی کے درمیان تاریخی پارٹنر معاہدہ ہفتہ 5 فروری کو طے پایا ہے جس کے مطابق کراچی کے فٹبالرز اپنی صلاحیتیں ابھارنے کے لیے برطانیہ میں تربیت حاصل کریں گے۔

اس بات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومتِ سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے کے پی ٹی فٹبال اسٹیڈیم میں نمائشی میچ کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ فٹبال سے وابستہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے کراچی فٹبال لیگ کا انعقاد کیا جائے گا، جس کے لیے ساتوں اضلاع کی الگ الگ ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی اور مختلف اداروں سے درخواست کی جائے گی کہ وہ ٹیموں کو منتخب کر کے انہیں اسپانسرز کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں میں فٹبال کا پوٹینشل موجود ہے اور انہیں اگر مناسب تربیت اور مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ عالمی سطح پر پاکستان کا پرچم سر بلند کرسکتے ہیں۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ برطانوی کلب سے معاہدے کی وجہ سے کراچی کے کھلاڑیوں کو عالمی سطح پر کھیلنے کے مواقع میسر آئیں گے، جس سے ہمارے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مہمیز ملے گی اور وہ عالمی سطح پر لیاری کا، کراچی کا، سندھ کا اور پاکستان کا نام روشن کرسکیں گے۔

کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے کہا کہ وہ سوین ڈن ٹاؤن فٹبال کلب انگلینڈ کے وائس چیئرمین زیویر آسٹن کے بےحد مشکور ہیں کہ انہوں نے کراچی کے بچوں کو اپنی صلاحیتیں ابھارنے اور برطانیہ میں تربیت حاصل کرنے اور کھیلنے کے مواقع فراہم کرنے کے بارے میں سوچا اور آج وہ ان بچوں کو منتخب کرنے کے لیے خود کراچی آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سوین ڈن ٹاؤن فٹبال کلب انگلینڈ اور ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن کراچی کے درمیان پارٹنر شپ کا آغاز ہو چکا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی سوین ڈن ٹاؤن فٹبال کلب انگلینڈ اور ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن کراچی کے درمیان آج شروع ہونے والی پارٹنر شپ کا یہ سفر جاری رہے گا اس سے کراچی کے بچون اور لیاری کے بچوں کو فٹبال کے میدان میں انگلینڈ کلب کے ذریعے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کو منوانے کا موقع ملے گا۔

بعدازاں کھیلے گئے میچ میں کمشنر وائٹ نے کمشنر گرین کو ایک صفر سے شکست دی، میچ کا واحد گول ابراہیم بلوچ نے کیا۔

اس موقع پر یو کے سے آئے ہوئے فٹبال کے عالمی کھلاڑی اور سوین ڈن ٹاؤن فٹبال کلب انگلینڈ کے وائس چیئرمین زیویر آسٹن، وزیراعلیٰ کے مشیر آصف خان، مرزا اشتیاق بیگ، مرزا اختیار بیگ، جاوید کریم، غلام محمد خان، ڈپٹی کمشنر جنوبی ارشاد سودھر، ڈپٹی کمشنر مختار علی ابڑو، برطانیہ فرانس جرمنی اور ترکی کے قونصل جنرل، جاوید کریم، خالد جمیل شمسی، غلام عباس جمال، خلیل الرحمان عباسی، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل قاضی محمد بشیر، ندیم شیخ ایڈووکیٹ اور دیگر موجود تھے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید