الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پشاور سٹی کونسل کے بلدیاتی انتخابات میں ہنگامہ آرائی کا نشانہ بننے والے 6 پولنگ اسٹیشنز میں 13 فروری کو دوبارہ پولنگ ہو گی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اس حوالے سے اعلامیہ بھی جاری کر دیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نیبرہڈ کونسل قادر آباد کے 5، جبکہ نیبرہڈ کونسل آفریدی گڑھی کے 1 پولنگ اسٹیشن میں 13 فروری کو دوبارہ پولنگ ہو گی۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اس روز میئر سٹی و نیبرہڈ کونسلز کے امیدواروں کے لیے ووٹ ڈالے جائیں گے۔
واضح رہے کہ پشاور کے 6 پولنگ اسٹیشنز میں ہنگامے کے باعث میئر سٹی اور نیبرہڈ کونسلز کے نتائج روکے گئے تھے۔
میئر سٹی کونسل پشاور کے امیدوار زبیر علی 62 ہزار 388 ووٹ لے کر آگے ہیں۔