• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبر پختون خوا: بلدیاتی ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ جاری


صوبۂ خیبر پختون خوا میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے، ووٹنگ کا عمل بغیر کسی تعطل کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

درہ آدم خیل اور جواکئی میں 11 بجے تک چند ووٹ ہی ڈالے گئے

ضلع کوہاٹ کے علاقوں درہ آدم خیل اور جواکئی میں بلدیاتی الیکشن کے لیے ری پولنگ جاری ہے جہاں 54 پولنگ اسٹیشنز پر رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 76 ہزار 337 ہے تاہم یہاں 11 بجے تک چند ووٹ ہی ڈالے گئے۔

ووٹنگ کہاں کہاں ہو رہی ہے؟

پشاور، نوشہرہ، خیبر، مہمند، مردان، کوہاٹ، کرک، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان، چارسدہ، بونیر اور باجوڑ میں پولنگ جاری ہے۔

ضلع بنوں میں بکاخیل کے پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ صبح ساڑھے 9 بجے سے شام ساڑھے 5 بجے تک ہو گی۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں سٹی کونسل کے مئیر، بنوں کے 2 تحصیل چیئرمین اور 3 دیگر ویلیج کونسلز سمیت دیگر اضلاع کی نشستوں پر انتخابات ہو رہے ہیں۔

متاثرہ اضلاع میں بے امنی، ہنگامے اور قتل کے واقعات کے بعد 19 دسمبر کو ہونے والے الیکشن ملتوی کر دیے گئے تھے۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں اے این پی کے امید وار عمر خطاب کے قتل کے باعث سٹی مئیر کا انتخاب ملتوی کر دیا گیا تھا۔

پشاور اور بونیر میں ایک ایک پولنگ اسٹیشن پر دوبارہ پولنگ ہو رہی ہے۔

لکی مروت میں 2 جنرل کونسلرز کی نشستوں، تحصیل لکی میں میئر کی نشست کے لیے صرف 2 پولنگ اسٹیشنز پر، مہمند میں 2 پولنگ اسٹیشنز پر، بنوں کی 2 تحصیلوں میں دوبارہ انتخابات ہو رہے ہیں۔

تحصیل ڈومیل کے 5 پولنگ اسٹیشنوں، بکا خیل کے تمام پولنگ اسٹیشنوں پر ری پولنگ ہو رہی ہے۔

الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ میں کنٹرول روم قائم

خیبر پختون خوا بلدیاتی الیکشن میں ری پولنگ کے لیے الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے الیکشن کمیشن کے حکام کا کہنا ہے کہ پولنگ سے متعلق کسی بھی شکایت کے لیے کنٹرول روم سے رابطہ کیا جا سکتا ہے، جہاں چیف الیکشن کمشنر، سیکریٹری الیکشن کمیشن اور اسپیشل سیکریٹری پولنگ کے تمام عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔

عوام بے خوف و خطر ووٹ ڈالیں: چیف الیکشن کمشنر

چیف الیکشن کمشنر کے مطابق پولنگ میں مداخلت اور خلاف ورزی پر سخت ایکشن لیا جائے گا، عوام بے خوف و خطر پولنگ اسٹیشنز آئیں اور اپنے ووٹ کا حق ادا کریں، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرز اور مانیٹرنگ ٹیمیں پولنگ اسٹیشنز کی لمحے لمحے کی نگرانی کریں، ابھی تک پولنگ سے متعلق کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی ہے۔

الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول لنڈی کوتل کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ پُرامن طور پر جاری ہے۔

الیکشن کمیشن کے حکام نے بتایا ہے کہ سابقہ قبائلی اضلاع میں پولنگ اسٹیشنز پر بڑی تعداد میں ووٹرز آئے ہیں، خواتین ووٹرز بھی کافی زیادہ تعداد میں ووٹ ڈالنے آئی ہیں۔

پشاور کی 3 نیبر ہڈ کونسلز کے 7 پولنگ اسٹیشنز پر ری پولنگ

پشاور میں 3 نیبر ہڈ کونسلز کے 7 پولنگ اسٹیشنز پر آج دوبارہ انتخابات ہو رہے ہیں، جس کے لیے 28 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں، جبکہ رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 12 ہزار 913 ہے، جن میں سے مرد ووٹرز کی تعداد 6 ہزار 834 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 6 ہزار 79 ہے۔

پشاور کی نیبرہڈ کونسل قادر آباد کے 5 پولنگ اسٹیشنز میں ری پولنگ ہو گی، ہنگامے کے باعث اس پوری کونسل میں انتخابات ملتوی کیے گئے تھے، یہاں مئیرسٹی کے لیے بھی پولنگ ہو گی۔

پشاور کی نیبر ہڈ کونسل آفریدی گڑھی اور نیبر ہڈ کونسل خیبر کے ایک، ایک پولنگ اسٹیشن میں ری پولنگ ہو گی ۔

این سی آفریدی گڑھی میں میئر سٹی جبکہ این سی خیبر میں چیئرمین تحصیل کونسل پشتخرہ کے لیے پولنگ بھی ہو گی۔

این سی آفریدی گڑھی میں میئر سٹی کونسل کی نشست پر جے یو آئی ایف کے زبیر علی 62 ہزار 338 ووٹوں کے ساتھ آگے جبکہ پی ٹی آئی کے محمد رضوان خان 50 ہزار 659 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

ادھر چیئرمین تحصیل کونسل پشتخرہ میں جے یو آئی ایف کے محمد ہارون 11 ہزار 295 ووٹوں کے ساتھ آگے ہیں، جبکہ مسلم لیگ نون کے ظاہر خان 10 ہزار 158 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

قومی خبریں سے مزید