روس کے حملوں کے بعد یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کی جرات مندانہ قیادت کو دنیا بھر میں سراہا جارہا ہے ، لیکن ان کے بارے میں بہت کم لوگ یہ جانتے ہیں کہ زیلنسکی رقص کے ماہر بھی ہیں۔
صدارت کے عہدے پر فائز ہونے سے بہت پہلے یعنی 2006 میں زیلنسکی معروف شو ’ڈانسنگ ود دی اسٹارز‘ کے سیزن کے فاتح رہ چکے ہیں۔
زیلنسکی کے اس شو کی ایک ویڈیو انٹرنیٹ پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں یوکرین کے موجودہ صدر زیلنسکی کو اپنی ڈانس پارٹنر اولینا شاپٹینکو کے ساتھ ڈانس پرفارمنس پیش کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
یاد رہے کہ 2019 میں صدر کے طور پر منتخب ہونے سے پہلے زیلنسکی نے ایک مشہور طنزیہ شو میں اداکاری کی تھی جس میں ایک استاد حادثاتی طور پر ملک کا صدر منتخب ہوجاتا ہے۔
زیلنسکی 41 سال کی عمر میں سیاست میں قدم رکھنے سے پہلے ایک اداکار اور کامیڈین تھے، انہیں جس کردار نے راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا وہ ان کا ایک ٹی وی ڈرامے میں ’یوکرین کے صدر‘ بننے کا کردار تھا۔
بعد ازاں ولودومیر زیلنسکی نے اپنے اس کردار کو سنجیدہ لیا اور اسے حقیقی سیاسی مہم میں بدل دیا، انہوں نے 2018 میں ’سرونٹ آف دی پیپل‘ کا نام ایک سیاسی جماعت کے طور پر رجسٹر کرایا۔
ایک سال کے محض مختصر عرصے میں یعنی 2019 میں زیلنسکی نے محض 24 اعشاریہ 5 فیصد کے مقابلے 73 فیصد زیادہ ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی اور اس وقت کے صدر پیٹرو پوروشینکو کو بھاری مارجن سے شکست دی۔