امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ساحل پر تیل میں لت پت پرندوں کی پراسرار ہلاکتوں کا سبب 70 سال قبل سمندر میں ڈوبنے والا ایک بحری جہاز نکلا۔
حکام نے ساحلی پٹی کے تقریباً 200 میل طویل علاقے سے تیل میں آلودہ 65 پرندے تحویل میں لے لیے۔
کیلیفورنیا کے محکمۂ جنگلی حیات و ماہی گیری کے مطابق ابتدائی لیبارٹری ٹیسٹ سے انکشاف ہوا ہے کہ پرندوں پر موجود تیل کا تعلق بحری جہاز ایس ایس جیکب لوکن باخ سے ہے، جو 14 جولائی 1953ء کو سمندر میں ڈوب گیا تھا۔
یہ جہاز جنوبی کوریا کے لیے فوجی ساز و سامان لے کر جا رہا تھا کہ شدید دھند کے باعث ہوائیئن پائلٹ نامی دوسرے بحری جہاز سے ٹکرا گیا۔
حادثے میں جہاز کے عملے کے تمام 36 افراد محفوظ رہے، تاہم جہاز میں موجود تقریباً 4 لاکھ 57 ہزار گیلن ایندھن سمندر میں رہ گیا۔
اس کے بعد تقریباً 10 ماہ پر مشتمل کارروائی کے ذریعے جہاز سے تیل نکالنے کا کام کیا گیا، جس پر لگ بھگ 1 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز خرچ ہوئے، زیادہ تر تیل نکال لیا گیا، تاہم کچھ مقدار کو جہاز کے ملبے کے اندر ہی محفوظ طریقے سے بند کرنا پڑا۔
حکام کے مطابق سمندر میں شدید طوفان زیرِ آب موجود جہاز کے ملبے کو متاثر کر سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں اندر پھنسا ہوا ایندھن دوبارہ خارج ہونے لگتا ہے، 2016ء اور 2024ء میں بھی ایسے واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔
کیلیفورنیا کے محکمۂ جنگلی حیات کے تخمینے کے مطابق 1990ء سے 2003ء کے دوران اس جہاز سے خارج ہونے والے تیل کے باعث 51 ہزار 569 پرندے اور 8 سمندری اونٹر ہلاک ہوئے۔
کئی برس تک حکام یہ معلوم کرنے میں ناکام رہے کہ کیلیفورنیا کے ساحل پر پرندے مسلسل تیل میں لت پت حالت میں کیوں مل رہے ہیں، بالآخر تحقیقات کے دوران تیل کے نمونوں کا کیمیائی تجزیہ کیا گیا، جس سے اس کا تعلق ڈوبے ہوئے جہاز سے ثابت ہوا۔
دوسری جانب جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے ادارے متاثرہ پرندوں کے علاج اور مزید آلودہ پرندوں کی تلاش میں مصروف ہیں۔
حکام نے ساحل پر جانے والے افراد کو ہدایت کی ہے کہ تیل سے آلودہ پرندوں یا دیگر جانوروں کو ہاتھ نہ لگائیں بلکہ ان کی موجودگی کی اطلاع آئلڈ وائلڈ لائف کیئر نیٹ ورک کو دیں۔