دل کی بیماریوں کے باعث دنیا بھر میں اموات کی بڑی وجوہات میں دل کی ناکامی بھی شامل ہے، تاہم طبی ماہرین نے اب علامات ظاہر ہونے سے پہلے ہی اس بیماری کی تشخیص اور روک تھام پر توجہ مرکوز کر دی ہے۔
طبی ویب سائٹ میڈیکل ایکسپریس کے مطابق دل کی ناکامی ایسی کیفیت ہے جس میں دل جسم کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مناسب مقدار میں خون پمپ نہیں کر پاتا، جس کے نتیجے میں مختلف طبی علامات ظاہر ہوتی ہیں۔
امریکی ادارے میو کلینک فلوریڈا کے ماہرِ امراضِ قلب اور ٹرانسپلانٹ کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر جوزے ناتیوی کے مطابق دل کی ناکامی کی تشخیص کا طریقہ کار تبدیل ہو چکا ہے، ماضی میں علامات ظاہر ہونے کے بعد بیماری کی تشخیص کی جاتی تھی، تاہم اب کوشش ہے کہ علامات سامنے آنے سے پہلے ہی اس کی نشاندہی کر لی جائے۔
ان کا کہنا ہے کہ جس طرح ذیابیطس سے پہلے کی کیفیت اور بلند فشار خون کے ابتدائی مرحلے کی شناخت کر کے بیماری سے بچاؤ کی کوشش کی جاتی ہے، اسی طرح اب دل کی ناکامی سے پہلے کی کیفیت کی نشاندہی پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق بے قابو بلند فشارِ خون، ذیابیطس، موٹاپا، کولیسٹرول کی زیادتی اور تمباکو نوشی دل کی ناکامی کے اہم خطرے کے عوامل ہیں، ان عوامل کی بروقت شناخت اور علاج سے بیماری کے امکانات کم کیے جا سکتے ہیں، اسے دل کی ناکامی کا ابتدائی مرحلہ اے کہا جاتا ہے۔
بی مرحلے میں دل کے پٹھوں میں تبدیلیاں آنا شروع ہو جاتی ہیں، تاہم مریض میں بیماری کی کوئی واضح علامات ظاہر نہیں ہوتیں۔
میو کلینک میں اس مرحلے پر بیماری کی نشاندہی کے لیے مصنوعی ذہانت سے بھی مدد لی جا رہی ہے، اس مقصد کے لیے الیکٹروکارڈیوگرام (ای سی جی) کے نتائج کا مصنوعی ذہانت کے ذریعے تجزیہ کیا جاتا ہے، ای سی جی ایک تیز رفتار اور کم خرچ طریقہ ہے جس سے دل کی برقی سرگرمی ریکارڈ کی جاتی ہے۔
سی مرحلے میں مریض میں بیماری کی علامات ظاہر ہونا شروع ہو جاتی ہیں اور عموماً اسی مرحلے پر مریض طبی امداد حاصل کرتے ہیں، اس کیفیت کو عام طور پر کنجیسٹو ہارٹ فیلیئر بھی کہا جاتا ہے، جس کی نمایاں علامات میں سانس لینے میں دشواری، تھکاوٹ اور جسم پر سوجن شامل ہیں۔
ڈی مرحلہ دل کی ناکامی کا آخری اور شدید مرحلہ ہوتا ہے، جس میں مریض کو جدید طبی علاج کی ضرورت پڑ سکتی ہے، ایسے مریضوں کا اوپن ہارٹ سرجری، دل کی پیوندکاری یا مکینیکل ہارٹ پمپ لگانے کے لیے جائزہ لیا جا سکتا ہے۔
نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے، صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔
