سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مریم نواز کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ثبوت سامنے لانے کا مطالبہ کردیا۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کے دوران شاہ محمود قریشی بار بار مبینہ خط کی تحقیقات کے سوال کا جواب دینے سے گریز کرتے رہے اور معاملہ عدالت پر ڈال دیا۔
دوران پروگرام عسکری قیادت سے وضاحت سے متعلق بار بار سوال پر بھی واضح جواب نہیں دیا اور کہا کہ کسی نے کسی کو روک نہیں رکھا۔ اس سے زیادہ آگے جانا وہ مناسب نہیں سمجھتے۔
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ ڈکٹیٹرز نے اتنے بدترین طریقے سے آئین نہیں توڑا، جس بے شرمی سے عمران نے توڑا، آج سپریم کورٹ میں درخواست گزار پی ڈی ایم نہیں بلکہ پاکستان کا آئین ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ قومی سلامتی کے اعلامیے کا غلط استعمال کیا گیا، نیشنل سیکیورٹی کمیٹی عمران بچاؤ کمیٹی نہیں ہے، مریم نواز نے ملٹری اداروں سے معاملے کی وضاحت کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔