بات چیت: شفق رفیع
’’ این ای ڈی یونی وَرسٹی کا شمار پاکستان کی معروف ترین یونی وَرسٹیز میں ہوتا ہے، جس کی بنیادی وجہ یہاں کا نظامِ تعلیم، نظم و ضبط اور طلبہ کو مہیّا کیا جانےوالا ساز گار ماحول ہے۔ بطور اُستاد مَیں ایک بات انتہائی وثوق سے کہہ سکتی ہوں کہ یہاں زیرِ تعلیم ہر بچّہ ہی ذہین اور لائق ہے کہ ہماری جامعہ میں داخلہ لینے کے لیے صرف ایک کسوٹی ’’میرٹ‘‘ پر پورا اُترنا لازمی ہے۔ تو اب آپ خود ہی سوچ لیں کہ جو بچّہ نمایاں نمبرز سے انٹر کرنے، این ای ڈی یو نی وَرسٹی کا مشکل ترین داخلہ ٹیسٹ پاس کرنے کے بعد یہاں ایڈمیشن لیتا ہے، تو وہ کُند ذہن یا نکمّا تو ہر گز نہیں ہو سکتا، لیکن ان تمام باتوں کے با وجود اگر وہ پڑھائی پر فوکس نہیں کر پارہا یا یک دَم ہی اس کی توجّہ پڑھائی سے ہٹ گئی ہے، نمبرز کم آرہے ہیں، تو اس کا صاف مطلب ہے کہ وہ کسی پریشانی میں مبتلا ہے۔ بحیثیت ٹیچر میرا مشاہدہ ہے کہ نوجوانوں میں ڈیپریشن کی ابتدا گھریلو ماحول سے ہوتی ہے۔
یقین جانیں، بےجا تنقید، گھریلو لڑائی جھگڑے نسلِ نو کی ذہنی صحت بری طرح متاثر کرتے ہیں، پھرجن کا اثر ان کی تعلیم پر بھی پڑتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ پھر کسی علّت، تمباکو نوشی یا دیگر غیر اخلاقی سرگرمیوں میں سکون تلاش کرنے لگتے ہیں، لہٰذا نسلِ نو کی بہتری کے لیے تعلیمی اداروں کے ساتھ گھریلو ماحول کا سازگار، خوش گوار ہونابھی ازحد ضروری ہے۔‘‘یہ الفاظ ہیں، ڈاکٹر تہمینہ ایّوب کے، جوقریباً 17 سال سے این ای ڈی یونی وَرسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبۂ سوِل انجینئرنگ میں درس و تدریس سے وابستہ ہیں۔
ڈاکٹر تہمینہ کی ذات کا قابلِ ذکر پہلو یہ ہے کہ انہوں نے انجینئرنگ کے لیے اس شعبے(سوِل انجینئرنگ) کا انتخاب کیا، جو مَردوں ہی کی فیلڈسمجھا جاتا تھا، مگر ’’میری ڈکشنری میں ’’نا ممکن‘‘لفظ نہیں‘‘ پر یقین رکھنے والی، این ای ڈی کی 100سالہ تاریخ میں سوِل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی پہلی خاتون سوِل انجینئر ، ڈاکٹر تہمینہ ایّوب نے پاکستان کی پہلی خاتون سوِل انجینئر پروفیسر بن کر ان تمام مفروضوں کو غلط ثابت کردیا، جو سوِل انجینئرنگ کو صرف مَردوں کا شعبہ قرار دیتے ہیں۔ گزشتہ دِنوں ہم نے ڈاکٹر تہمینہ سے ایک تفصیلی ملاقات کی، جس میں ان کی تعلیم و تربیت، سوِل انجینئرنگ کے شعبے کے انتخاب وغیرہ کے حوالے سے بات چیت کی۔تفصیل نذرِ قارئین ہے۔
س: خاندان، ابتدائی تعلیم وتربیت سے متعلق کچھ بتائیں۔
ج: میرا تعلق کراچی سے اور پیدائش بہاول پور کی ہے۔ میرے والد پاکستان ورکس ڈیپارٹمنٹ(پی ڈبلیو ڈی) سے ریٹارڈ اور والدہ گھریلو خاتون ہیں۔ ہم پانچ بہن، بھائی ہیں۔ میری ایک بہن پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز(پی آئی اے)میں ہیں، دوسری مائکرو بائیولوجسٹ ہیں، تیسری انجینئر ہیں(اربن انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی پوزیشن ہولڈر ) اور بھائی اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہیں، فی الحال فُل برائٹ اسکالرشِپ پر امریکا سے ماسٹرز کر رہے ہیں، نیز حال ہی میں انہوں نے سی ایس ایس کا امتحان بھی پاس کیا ہے۔ جہاں تک تعلیمی مدارج کی بات ہے، تو مَیں نے کرائسٹ دی کنگ، گورنمنٹ گرلز سیکنڈر ی اسکول سے میٹرک، پی ای سی ایچ ایس گرلز کالج سے انٹر، این ای ڈی یونی وَرسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی سے انجینئرنگ اور بعد ازاں، یونی وَرسٹی ٹیکنالوجی پیٹروناس پیرک، ملائشیا سے پی ایچ ڈی کیا۔
س: بچپن کیسا گزرا؟ پڑھائی میں کیسی تھیں؟
ج: بچپن ،میری نسل کے عام بچّوں ہی کی طرح بے فکرسا، ہنسی، قہقہوں، معصوم شرارتوں سے بھر پور گزرا۔ مجھے شروع ہی سے پڑھائی لکھائی کا بہت شوق تھا۔ اسی وجہ سے ہمیشہ اچھے نمبرز سے پاس ہوتی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی بہت آگے آگے رہتی ۔ مَیں نے نویں جماعت میں اپنے اسکول میں ٹاپ کیا تھا۔
س: مستقبل کے حوالے سے کیا کیا خواب دیکھے تھے؟ بچپن میں خود کیا بننا چاہتی تھیں اور والدین آپ کو کیا بنانا چاہتے تھے؟
ج: مَیں ہمیشہ سے ڈاکٹر بننا چاہتی تھی، اس کی وجہ انتہائی غیر معمولی ہے کہ کسی زمانے میں میری شکل مرینہ خان سے مشابہ تھی اور اُن دنوں مرینہ کا ایک ڈراما ’’دُھوپ کنارے‘‘ آن ایئر ہوا تھا، جو نہ صرف پاکستان، بلکہ بیرونِ مُلک بھی خُوب مقبول ہوا، تو ’’ڈاکٹر زویا ‘‘ کا کردار دیکھنے کے بعد میرے دل میں بھی ڈاکٹر بننے کی خواہش پیدا ہوئی ۔ مَیں اپنے دادا کی بھی بے حد لاڈلی تھی، تو میرے دادا ہمیشہ کہا کرتے تھے کہ ’’مَیں اپنی پوتی سے علاج کرواؤں گا۔ ‘‘
ڈاکٹر بننے کے شوق کے پیشِ نظر ہی مَیں نے میٹرک میں بائیولوجی کے مضامین رکھے تھے، لیکن جب میٹرک کے بعد استخارہ کیا، توانٹر میں پرِی میڈیکل کے لیے استخارہ ٹھیک نہیں آیا، تو مَیں نے پری انجینئرنگ کا انتخاب کرلیا۔ یہاں ایک بات کا ذکر ضروری سمجھتی ہوں کہ گوکہ مَیں نےبچپن ہی سے ڈاکٹر بننے کا خواب دیکھا تھا، لیکن استخارے کے بعد اللہ کی ذات پر مکمل بھروسا کرتے ہوئے انجینئرنگ کا انتخاب کیا، تو آج میرے نام کے ساتھ ڈاکٹر بھی لگتا ہے اور مَیں انجینئر بھی ہوں۔ بتانے کا مقصد یہ ہے کہ ضروری نہیں کہ ہر کام ہماری خواہشات یا آرزوؤں کے مطابق ہی ہو، مگر کسی بھی حال میں مایوس، نااُمید نہیں ہونا چاہیےکہ اللہ کی ذات پر کامل یقین ہی کام یابی کی ضمانت ہے۔
س: سوِل انجینئرنگ کی جانب رجحان کیسے اور کیوں ہوا؟
ج: مَیں ہمیشہ ہی سے کچھ منفرد کرنا چاہتی تھی۔ ویسے تو میرے والد بھی انجینئر ہیں، لیکن مَیں اپنے خاندان کی پہلی خاتون انجینئر ہوں، وہ بھی سوِل انجینئر۔ بات در اصل یہ ہے کہ ہمارے معاشرے میں ایک عام رجحان ہے کہ ’’انجینئرنگ لڑکوں کا شعبہ ہے‘‘حالاں کہ اب دَور ، نظریہ اور حالات کافی بدل چُکے ہیں، لیکن اب بھی کہیں نہ کہیں یہ سوچ کہ انجینئرنگ لڑکوں کی فیلڈ ہے، موجود ہے۔ خیر، تو جہاں تک میری سوِل انجینئرنگ کے شعبے کے انتخاب کی بات ہے، تو چوں کہ میرے والد کا تعلق سوِل انجینئرنگ ہی سے ہے، تو اُس وقت مجھے سب سے زیادہ اسی شعبے کی معلومات تھیں، پھروالد بھی گائیڈ کرنے کے لیے موجود تھے، تو مجھے اس شعبے کا انتخاب سب سے آسان لگا۔
مَیں اس حوالے سے خود کو بے حد خوش قسمت بھی تصوّر کرتی ہوں کہ ہمارے والدین نے تعلیم و تربیت،شعبے کے انتخاب سے لے کر کسی بھی حوالے سے کبھی بیٹیوں اور بیٹے میں کوئی فرق نہیں کیا۔ ہم سب بھائی، بہنوں کو معیاری تعلیم دلوائی، آگے بڑھنے کا حوصلہ دیا اور اپنے پَیروں پہ کھڑا ہونا سکھایا۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نے بھی اُن کا نام روشن کرنے کے لیے دن رات ایک کردیا، خُوب محنت کی اور آج بھی کر رہے ہیں۔والدین کا کام صرف بچّوں کی تعلیم و تربیت ہی نہیں، انہیں آگے بڑھنے کے لیےخود اعتمادی، آزادی دینا بھی ہے، تا کہ وہ کسی اور کے نقشِ قدم پر چلنے کے بجائے اپنی راہیں خود متعیّن کریں۔
س: ایک کام یاب سوِل انجینئر میں کون کون سی خوبیاں ہونی چاہئیں؟
ج: سب سے پہلی چیز تو یہ کہ اسے اپنے شعبے کی حسّاسیت، اہمیت اور ضرورت کا علم ہونا چاہیے ۔ ہمارے شعبے کی اہمیت اور حسّاسیت کا اندازہ اس بات سے لگا لیں کہ سوِل انجینئرنگ کے لیے کہا جاتا ہے کہ ’’ایک ڈاکٹر کی غفلت سے کسی ایک مریض کی جا ن جاسکتی ہے، لیکن سوِل انجینئر کی غفلت، ایک ہی وقت میں لا تعداد افراد کی موت کا سبب بن سکتی ہے۔‘‘یعنی اس مضمون کی صرف ڈگری لینا کافی نہیں، مکمل معلومات، ایک ایک پہلو کی جان کاری اور سب سے بڑھ کر حسّاسیت کا علم ہونا از حد ضروری ہے۔
سوِل انجینئرزکو معلوم ہونا چاہیے کہ ایک اِنچ یا اعشاریے کا ردّو بدل جان لیوا نقصان کا شاخسانہ ثابت ہوسکتا ہے۔ مثال کے طورکسی کمرے کی لمبائی 18 سینٹی میٹر ہے اور بے خیالی میں کسی نے ڈرائنگ (ڈیزائن) میں 8 لکھ دیا، تو اس پر جب نئی اسٹوری (منزل)کابوجھ آئے گا، تو خود اندازہ لگائیں کہ اُس کا کیا حال ہوگا۔ نیز، ہمیں اپنی عمارتوں کو اس طرح ڈیزائن کرنا چاہیے کہ وہ زلزے کی شدّت برداشت کر سکیں۔
مَیں اکثر اخبارات/ ٹی وی چینلز پر ’’Earthquake proof structure‘‘ لکھا دیکھتی ہوں، تو ہنسی آتی ہے کہ دنیا میں زلزلہ پروف کوئی بھی چیز نہیں ہے۔ ’’Earthquake Resistent‘‘ درست اصطلاح ہےکہ ایسی عمارت جو زلزلے کی شدّت برداشت کرسکے، لیکن اگر کوئی یہ کہے کہ ’’فلاں عمارت پر زلزلہ اثر انداز ہی نہیں ہوگا‘‘، تو یہ درست نہیں۔ جیسے اسٹیل کے لیے کہا جاتا ہے کہ زلزلہ پروف اسٹیل ہے، تو یہ قطعاً درست نہیں۔ بہرحال، بطور سوِل انجینئر ہمارا بنیادی کام مضبوط عمارت کی تعمیر ہے۔
س: پاکستان میں تعمیرات کے وقت عمارت کو محفوظ بنانے پر کس حد تک توجّہ دی جاتی ہے؟
ج: بد قسمتی سے ہمارے ہاں جس کے پاس پیسا ہے، وہ کچھ بنے نہ بنے، کنٹریکٹر ضرور بن جاتا ہے، تو اب آپ خود اندازہ لگالیں کہ سوِل انجینئر اور کنٹریکٹر کی معلومات اور کام کرنے میں کتنا فرق ہوگا۔جب 2005ء میں زلزلہ آیا تھا، تو اس وقت این ای ڈی یونی وَرسٹی نے یو ایس ایڈ کا ایک پراجیکٹ لیا تھا، جس میں عمارتوں کو ’’Earthquake resistent‘‘ بنانے کے لیے سوِل انجینئرز کو تربیت دی گئی تھی۔
اس پراجیکٹ کے تحت ہم بھی تربیت دینے سوِل انجینئرنگ کی بہترین یونی و رسٹیز یو سی، برکلے اور اسٹین فورڈ گئے تھےاور وہاں سے بھی انجینئرز ہمیں تربیت دینے یہاں آئے تھے، تو جب زلزلہ آیا، تو ہم نے مُلک بھر میں بلڈنگ سیفٹی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لیے کنٹریکٹرز، اسٹرکچرل انجینئرز اورسائٹ انجینئرز کو تربیت دی کہ عمارتیں کس طرح سے محفوظ بنائی جا سکتی ہیں۔
ہم نے یہ نہیں کہا کہ عمارت زلزلہ پروف ہوجائے گی، بلکہ یہ شعور دیا کہ عمارت مضبوط ترین، پائیدار کیسے بنائی جا سکتی ہے اور ایسے کون سے اقدامات کیے جائیں کہ زلزلے یا قدرتی آفات کی صُورت میں نقصان کم سے کم ہو۔ اس حوالے سے ہم پاکستان کے ناردرن ایریاز گئے کہ زلزلوں کا زیادہ تر سامنا انہی علاقوں کو رہتا ہے، وہاں ماڈل بلڈنگز بناکر بھی کام کرنے کا طریقہ سکھایا۔ اس طرح این ای ڈی یو نی وَرسٹی گزشتہ کئی برس سے تعلیم دینے کے ساتھ شعور و آگہی فراہم کرنے کا فریضہ بھی انجام دے رہی ہے اور حال ہی میں ہمارے ’’Earthquake Engineering Department‘‘ کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔
س: بطور سوِل انجینئر آپ کے خیال میں اس وقت پاکستان یا شہرِ قائد میں کتنی عمارتیں محفوظ ہیں؟
ج: کراچی دنیا کا واحد شہر ہے، جو تین ٹیک ٹونک (Tectonic)پلیٹس کی جنکشن پر قائم ہے ۔ دنیا فلوٹنگ پلیٹس کی طرح ہوتی ہے، توجب فلوٹنگ پلیٹ کی ایک سائیڈپر مسلسل بوجھ ڈالا جائے، تو وہ دھنستی اور دوسری سائیڈ اُٹھ جاتی ہے۔ کراچی سمندر سے نیچے ہےاور یہاں کی اکثر عمارات نان انجینئرڈ کنسٹرکشنز ہیں، یعنی اُن میں سریا تو لگا ہے، لیکن پلاننگ کے تحت، انجینئرز کی زیرِ نگرانی نہیں بنیں اور نہ ہی اُنہیں محفوظ قرار دیا جا سکتا ہے۔ ہمارے ہاں ایک محاورہ اکثر ہی زبانِ زدِ عام رہتا ہے کہ ’’جتنا گُڑ ڈالو گے، اتنا میٹھا ہوگا‘‘ لیکن مَیں بتانا چاہوں گی کہ ہمارے شعبے پر یہ محاورہ قطعاً صادق نہیں آتاکہ جتنا سریا ڈالیں گے، عمارتیں اتنی محفوظ ہوں گی، کیوں کہ ایک حد کے بعد سریا عمارت کے لیے غیر محفوظ ہوجاتا ہے، بالخصوص زلزلے کی صُورت میں ۔تو یہ وہ معمولی ، مگر ٹیکنیکل باتیں ہیں، جو ایک عام آدمی یا کنٹریکٹر کو معلوم نہیں ہوتیں اور بعد میں یہی باتیں نقصان کا سبب بنتی ہیں۔
س: نان انجینئرڈ کنسٹرکشن روکنے کے لیے کوئی محکمہ یا ادارہ موجودہے؟
ج: ویسے تو یہ کام سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا ہےکہ تجاوزات قائم ہونے ہی نہ دےاور اگر ہو گئی ہیں، تو ان کا خاتمہ کرے، لیکن ایسا ہو نہیں پاتا۔ کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ہمارے ہاں اب کچّی زمینیں نہیں ہیں۔ جیسے پارکس وغیرہ کا ہونا ضروری ہے،پارکس وہ جگہیں ہوتی تھیں، جہاں ہم پانی نکالتے تھے، اب ہم نے ہر زمین کو پکّا کر دیا ہے، کوئی ایسی زمین نہیں ،جہاں پانی کی نکاسی ہو سکے۔
آپ کو یاد ہوگا کہ قریباً دو سال قبل طیارہ حادثہ پیش آیا تھا، جو ماڈل کالونی میں جا گرا تھا، تو وہاں کی گلیاں ہی اتنی تنگ تھیں کہ ملبہ اُٹھانے، آگ بُجھانے تک کے لیے راستہ نہیں تھا۔ اس میں بہت حد تک ذمّے دارہم خود ہیں کہ جو جگہ ملتی ہے، اس میں پہلے تو گیلری نکال لیتے ہیں، پھر گیٹ آگے بڑھا کر گلی کی جگہ بھی گھیر لیتے ہیں، سونے پہ سہاگا ،گاڑی تب بھی گھر کے اندر نہیں، تنگ گلی ہی میں پارک کرتے ہیں۔ اس سے بڑا المیہ اور کیا ہوگا کہ ہماری گلیاں اتنی تنگ ہیں کہ میّت بس داخل نہیں ہوپاتی ۔
س: بطور خاتون سوِل انجینئر کن مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے؟
ج: میرا خیال ہے کہ خواتین کے لیے سوِل انجینئرنگ کا شعبہ سب سے زیادہ موزوں یا مناسب ہے۔اصل بات یہ ہے کہ سوِل انجینئرنگ میں دو طرح کے کام (سائٹ انجینئرنگ اور ڈیزائننگ) ہوتے ہیں۔ مَردوں کے لیے سائٹ کا کام موزوں رہتا ہے، جب کہ خواتین ڈیزائن آفس میں آرام سے کام کر سکتی ہیں۔ یعنی وہ آفس میں بیٹھ کر بآسانی یہ بتا سکتی ہیں کہ بیم کا سائز کتنا ہوگا، سلیب کی چوڑائی کیا ہوگی، سریا کتنی مقدار میں ڈالاجائے۔نیز، یہ ایسا کام ہے، جو آفس میں بھی ہو سکتا ہے اور گھر میں رہتے ہوئے بھی کیا جا سکتا ہے۔ اسی لیے مَیں نے کبھی بھی انڈسٹری میں اس حوالے سے مسائل کا سامنا نہیں کیا۔
س: پہلی جاب کب اور کہاں کی؟
ج: مَیں نے 2004ء میں پاکستان کی ایک انتہائی معروف کمپنی میں ملازمت سے کیریئر کا آغاز کیا تھا، اس کمپنی کے میگا پراجیکٹس میں پرل کانٹینینٹل، گوادر بھوربھن وغیرہ شامل ہیں۔ اس کے بعد مجھے این ای ڈی یونی وَرسٹی سے آفر آگئی، تو مَیں 2005ء میں درس و تدریس کے شعبے سے وابستہ ہو گئی۔
س: آپ نے انڈسٹری کی جاب پر درس و تدریس کو فوقیت کیوں دی؟
ج: ویسے تو میرے لیے دونوں ہی شعبے قابلِ احترام ہیں،انڈسٹری میں کام کرنے کا ایک الگ ہی مزہ اور چیلنجز ہوتے ہیں اور ٹیچنگ کے الگ۔ لیکن انڈسٹری کے مقابلے میں ٹیچنگ قدرے آسان جاب ہےکہ اس میں ہمیں ریسرچ وغیرہ کا وقت مل جاتا ہے، مَیں بلڈنگز کی نہیں، پاکستان کےمستقبل کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کر رہی ہوں۔ اور سچ کہوں، مستقبل کے معماروں کو فیلڈ کے لیےتیار کرکے جو خوشی اور سکون ملتا ہے، وہ ناقابلِ بیان ہے۔
س: جب آپ زیرِ تعلیم تھیں، تب اور آج کے طلبہ میں کیا فرق نظر آتا ہے؟
ج: جس دَور میں ہم زیرِ تعلیم تھےیا ہم نے گریجویشن کی، اُس وقت پڑھائی سے توجّہ ہٹانے کے ٹُولز (سوشل میڈیا، اسمارٹ فونز وغیرہ) نہیں تھے۔ ہماری کُل توجّہ پڑھائی اور کتابوں ہی پر ہوا کرتی تھیں، لیکن اس نسل کے پاس تعلیم کے علاوہ بھی کئی آپشنز موجود ہیں، یہی وجہ ہے کہ سنجیدگی اور یک سُوئی سے پڑھائی نہیں ہوپارہی ، بچّوں کو لگژریز کی عادت ہو گئی ہے، ہر آسانی، آسائش میسّر ہے، جو کبھی کبھار ان کی تعلیم میں بھی حائل ہوجاتی ہے۔
یہاں یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ آج بھی ہمارے کئی شاگرد ایسے ہیں، جو بہت محنت کرتے ہیں، ٹیوشنز وغیرہ پڑھا کر اپنی فیس ادا کرتے ہیں اور گھر چلانے میں بھی حصّہ ڈالتے ہیں، لیکن ایسے طلبہ کی تعداد بہت زیادہ نہیں ۔ نیز، کووِڈ19 میں جوآن لائن نظامِ تعلیم نے اساتذہ کو اَپ گریڈ، جدید طریقۂ تدریس سے رو شنا س کروایا، تو اس سےتعلیم بہت متاثر ہوئی اور طلبہ کا بےحدنقصان ہوا۔
س: کیا آج کا استاد اپنی ذمّے داریاں بھر پور طریقے سے ادا کر رہا ہے؟
ج: اس بات میں کوئی دورائے نہیں کہ پرانے وقتوں کے اساتذہ اور آج کےاساتذہ میں بہت فرق ہے۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ پہلے کا استاد، صرف استاد نہیں، والدین کا درجہ رکھتا تھا، جو غلطی کرنے پر ڈانٹتا بھی تھا، سزا بھی دیتا اور وقت آنے پر مدد بھی کرتا تھا اور یہ زیادہ پرانی بات نہیں ہے کہ مَیں بھی اپنے شاگردوں کو سختی سے ڈانٹ دیا کرتی تھی، لیکن اب ایسا نہیں ہے۔ طلبہ میں برداشت بالکل ہی ختم ہوگئی ہے۔ لیکن مَیں اور میرے جیسے کئی اساتذہ آج بھی جب کسی طالبِ علم کو پریشانی میں دیکھیں یا ہمیں محسوس ہوکہ کوئی پریشان ہے، تو اسے بُلا کر بات کرتے، ان کے مسئلے کے حل کی کوشش کرتے ہیں۔
س: آپ نے بیرونِ مُلک بھی تعلیمی مدارج طے کیے، یہاں اور بیرونِ ممالک کے نظامِ تعلیم میں کیا اور کتنا فرق ہے؟ ہمارے نظامِ تعلیم کی خامیاں کیسے دُور کی جا سکتی ہیں؟
ج: بیرونِ مُلک تعلیمی وسائل پر بہت زیادہ فوکس کیا جاتا ہے، وہ لوگ تعلیم اور تعلیمی وسائل کو جدید سے جدید تربنانےکی سعی کرتے رہتے ہیں۔لیکن نظامِ تعلیم ہمارا زیادہ بہتر ہے، یعنی ہماری جامعات میں طلبہ پر بہت زیادہ توجّہ دی جاتی ہے، ایک طرح سے اساتذہ اسپون فیڈنگ کرتے ہیں، جب کہ باہر ایسا نہیں ہوتا۔
میرا مشاہدہ ہے کہ ہمارا نظامِ تعلیم امریکا تک سے بہتر ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ ہمارے ہاں نرسری یا پرائمری سطح ہی سے بچّوں کو سختی سے پڑھایا جاتا ہے، انہیں ایک ہی وقت میں کئی چیزوں کی تعلیم دی جاتی ہے، جو آگےجاکر بچّوں کے کام آتی ہے۔ جس طرح سونا آگ میں جل کرکُندن بنتا ہے، ویسے ہی بچّوں کے لیے تھوڑا بہت اسٹریس بھی ضروری ہے۔ پاکستان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ہم دنیا کی چوتھی ذہین قوم ہیں، تو ہم اس قابل اس لیے ہوئے کہ بچپن سے چیلنجز کا سامنا کرتے آئے ہیں۔
س: آپ کے خیال میں کسی بھی فیلڈ میں کام یابی کا را زکیا ہے؟
ج: محنت! مَیں نے زندگی میں بہت محنت کی ہے اورآج جس مقام پر ہوں، صرف اورصرف اپنی محنت ہی کی وجہ سے ہوں۔دوسری بات یہ کہ دوسروں سے اپنا مقابلہ کرنا چھوڑ دیں، ہمیں نہیں معلوم کہ کون، کن مسائل سے نبردآزما ہے۔ کبھی کسی کی کام یابی سے حسد مت کریں،آپ بھی اپنے شعبے میں بلند مقام حاصل کر سکتے ہیں، صرف صدقِ دل اور سچّی لگن کے ساتھ کام کرتے جائیں، محنت کا ثمر ایک نہ ایک دن ضرور ملتا ہے۔
س: آج بھی متعدّد خواتین میڈیکل اور انجینئرنگ کی مشکل تعلیم حاصل کرنے کے باوجود بیاہ رچا کے گھروں میں بیٹھ جاتی ہیں۔ اس طرح ایسے کئی لڑکوں کا حق مارا جاتا ہے، جو اگر ان سیٹس پر تعلیم حاصل کرتے تو آج اپنے گھر بار چلا رہے ہوتے، تو کیا یہ مُلک و قوم کے ساتھ زیادتی نہیں ہے؟
ج: اس میں قصور وار لڑکیاں نہیں، سُسرال والےہیں۔ ہم بہت شوق سے خُوب ڈھونڈ کر ڈاکٹر یا انجینئر بہو لے تو آتے ہیں کہ خاندان میں ناک اونچی ہوگی، نام ہوگا، لیکن پھر اُسے گھرداری میں لگا دیتے ہیں، ملازمت کرنے کی اجازت نہیں دیتے، سپورٹ نہیں کرتے، تو یہ سراسر ناانصافی ہے۔
میرا ذاتی خیال ہے کہ عورت کی بنیادی ذمّے داری گھر سنبھالنا ہے، یعنی اگر مجھے گھر اور کیریئر میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کو کہا جائے، تو میرا انتخاب گھر ہوگا، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہر کسی کی سوچ میرے جیسی ہو، سُسرال والوں کو یہ سمجھنا چاہیے کہ میڈیکل یا انجینئرنگ کی تعلیم آسان نہیں ہوتی، وہ ایک خواب ہوتا ہے، تو کیوں نہ جس کا خواب ہے، اسی کو فیصلہ کرنے دیا جائے کہ اُسے کیسی تعبیر چاہیے۔