بات چیت: رؤف ظفر، لاہور
عکّاسی: عرفان نجمی
پنجاب کے ایک دور افتادہ علاقے، روجھان سے تعلق رکھنے والے 40سالہ ملک نجم الدّین مزاری پیشے کے لحاظ سے آئی ٹی انجینئر ہیں، لیکن 14،15سال قبل اُنہوں نے اِس پیشے کو خیرباد کہہ کر ایک نئے شعبے میں قدم رکھا، جو’’آرگینک فوڈ‘‘ (ORGANIC FOOD)، نامیاتی غذا کے نام سے معروف ہے۔ وہ ایک سند یافتہ اروما تھراپسٹ بھی ہیں۔
آرگینک فوڈ کیا ہے، اس کے کیا فوائد ہیں اور عالمی سطح پر اِس شعبے میں کیا ہو رہا ہے؟ یہ جاننے کے لیے ہم نے گزشتہ دنوں ملک نجم الدّین سے ملاقات کی۔ گفتگو کے دَوران اُنھوں نے بعض دل چسپ حقائق سے آگاہ کرتے ہوئے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اگر حکومت اِس شعبے پر توجّہ دے، تو پاکستان سالانہ15 سے 20 ارب ڈالرز کا زرِمبادلہ کما سکتا ہے۔اِس نشست کا مزید احوال جنگ، سنڈے میگزین کے قارئین کی نذر ہے۔
س: اپنے خاندان، تعلیم اور کیرئیر کے بارے میں کچھ بتائیے؟
ج: ہمارے خاندان کا تعلق تحصیل روجھان، ضلع راجن پور (پنجاب) سے ہے، تاہم میری پیدائش کوئٹہ میں ہوئی اور وہیں کی سنگلاخ چٹانوں، چٹیل پتھریلے میدانوں میں بچپن گزرا۔ والد صاحب وہاں محکمۂ پولیس میں ملازم تھے۔ آئی ٹی میں گریجویشن کے بعد2014 ء میں ایک نجی یونی ورسٹی سے ایم بی اے کی سند حاصل کی۔ تعلیم کی تکمیل پر ایک آئی ٹی کمپنی قائم کرکے عملی زندگی کا آغاز کیا، لیکن فطرت سے لگائو مجھے کسی اور طرف مائل کرتا تھا۔دراصل، مجھے بچپن ہی سے درختوں، پھول، پودوں سے پیار تھا اور اُن کی خوش بُو سے لُطف اندوز ہونا میری کم زوری۔
دیسی گھی، گھر میں کھاد کے بغیر اُگائی گئی سبزیوں، خالص دودھ اور پنیر وغیرہ کا رسیا تھا، لیکن لفظ’’ آرگینک‘‘ پہلی بار ایک انگریز دوست کی زبان سے اُس وقت سُنا، جب کھانے کے وقت مَیں نے اُسے بتایا کہ’’ یہ گھی، دودھ، پالک اور گندم کا آٹا’’دیسی‘‘ یعنی کھاد وغیرہ سے پاک ہے۔‘‘ اِس پر اُس نے کہا،’’ اچھا! یہ ’’آرگینک فوڈ‘‘ ہے‘‘ اور پھر بتایا کہ’’ آرگینک اشیائے خورو نوش ایسی ہوتی ہیں، جن میں بیج اُگانے سے لے کر دستر خوان پر آنے تک کسی قسم کی کیمیائی کھاد، کیڑے مار ادویہ، جراثیم کُش محلول وغیرہ کا استعمال نہ کیا گیا ہو اور وہ خالصتاً فطری ماحول میں پروان چڑھی ہوں۔‘‘
میرا وہ دوست بھی ایسی ہی خالص خوراک کا رسیا تھا۔ اُس نے بتایا کہ دنیا فصلوں اور پَھلوں پر زہریلی ادویہ کے چھڑکائو اور نت نئی کھادوں سے تنگ آ چُکی ہے ۔یہ آلودہ خوراک ہمارے جسم اور اعصابی نظام پر زہریلے اثرات سے مرتّب کررہی ہے۔ اُس کی یہ بات میرے ذہن میں بیٹھ گئی۔بعدازاں، مَیں نے دو، تین سال آرگینک فوڈ کا لٹریچر، بالخصوص ریسرچ پیپرز پڑھنے میں صَرف کر دیے۔ مختلف ڈاکٹروں اور سائنس دانوں سے ملاقاتیں کیں، جو اِس بات پرمتفّق تھے کہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں گندم سمیت مختلف اجناس، سبزیوں اور پَھلوں کی فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے جنون میں جو کھادیں اور کیڑے مار ادویہ استعمال کی جاتی ہیں، اُنھوں نے لوگوں کو ذیابطیس، کینسر، امراضِ قلب اور دیگر سیکڑوں قسم کے عوارض میں مبتلا کردیا ہے۔
ایسا نہیں ہے کہ ایسی اجناس اور اسپرے شدہ پھل کھاکر آپ فوراً بیمار ہو جائیں یا پیٹ خراب ہو جائے، یہ ایک قسم کی سلو پوائزننگ ہے، جس سے جسم آہستہ آہستہ متاثر ہوتا ہے۔ قصّہ مختصر، مَیں نے پاکستان میں آرگینک فوڈ کو رواج دینے اور اس کی اہمیت اجاگر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ آج ہمارا ادارہ 600 سے زائد پراڈکٹس کے ساتھ عوام کی خدمت میں مصروف ہے ۔ نیز، ہم عام لوگوں میں ان کی اہمیت اجاگر کرنے میں بھی کافی حد تک کام یاب رہے ہیں، جس کا نتیجہ یہ ہوا ہے کہ بڑے شہروں میں آرگینک فوڈز کے کافی اسٹورز کُھل چُکے ہیں، جب کہ دُور دراز علاقوں میں رہنے والے آن لائن خالص اور دیسی اشیاء منگواتے ہیں۔
س: لیکن یہ نامیاتی غذا بہت منہگی اور عام آدمی کی قوّتِ خرید سے باہر ہے، جس کا مطلب یہ ہوا کہ اِس سے صرف اشرافیہ اور دولت مند ہی فائدہ اُٹھا سکتے ہیں؟
ج: منہگی ہونے کی بات تو درست ہے، مگر یہ بھی دیکھیے کہ پاکستانی ہر سال چائے پر600 ملین ڈالرز، ادویہ کی امپورٹ پر4 ارب ڈالرز اور کاسمیٹکس کے سامان پر اربوں روپے خرچ کرتے ہیں۔ اگر یہ رقم پرہیزی اور حفاظتی اقدامات، صاف ستھری اور خالص خوراک پر لگے، تو ہمارے حکومتی اور گھریلو بجٹ کو کافی سہارا مل سکتا ہے۔ ماضی قریب کی بات ہے، ہمارے بزرگ دیہات اور چھوٹے شہروں میں بھی خالص دیسی گھی، گندم، دیسی مرغی، گھر میں پیسے گئے مسالے، مٹّی کے برتن، خالص دودھ، دیسی انڈے، گُڑ، گھروں میں اُگائی گئی سبزیاں اور کھانا پکانے کے لیے سرسوں کا تیل استعمال کرتے تھے۔
اُن دنوں فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے لیے کیمیائی کھاداور جراثیم کُش ادویہ کا استعمال شروع نہیں ہواتھا۔خالص خوراک کے سبب ہمارے بزرگ ذیابطیس، بلڈ پریشر، دل اور معدے کے امراض سے محفوظ رہتے تھے، جن میں آج ہر تیسرا، چوتھا شخص مبتلا ہے۔ وہ لوگ محنت مشقّت کے عادی تھے، جس سے خالص غذا ہضم ہو جاتی تھی، لیکن اگر خالص غذا موجودہ مصروف طرزِ زندگی میں بھی استعمال کی جائے، تب بھی اس سے ضرور فوائد حاصل ہوں گے۔
اگر ہم میدے کی بنی ڈبل روٹی کی بجائے خالص گندم کی آدھی روٹی کھا لیں اور منہگا دیسی گھی کم مقدار میں لے لیں، تو یہ زیادہ فائدہ مند ہے۔ کولا مشروبات کی جگہ لیموں پانی اور تخم بالنگا کا مشروب صحت کے لیے مفید ہے۔ درحقیقت، ہمیں اپنا لائف اسٹائل تبدیل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ بیکری آئٹمزکی جگہ درجنوں اشیاء اور بچّوں کے لیے بسکٹس گھر پر تیار کیے جاسکتے ہیں۔نیز، ہمارے یہاں طبِ نبویؐ کی صُورت بھی آرگینک قدرتی خوراک اور جڑی بوٹیوں کا اَن مول خزانہ موجود ہے۔
س: جہاں دو وقت کی روٹی کمانا مشکل ہو، وہاں منہگی نامیاتی غذاؤں کی طرف کون جائے گا؟
ج: دیکھیں، تبدیلی راتوں رات نہیں آتی۔ ہم بھی لوگوں کو یہ نہیں کہتے کہ آج ہی سے خالص گندم کا آٹا، گھی اور دوسری خالص اشیا استعمال کرنا شروع کر دیں، لیکن ہم آہستہ آہستہ کھانے پینے کی عادات میں تبدیلی ضرور لا سکتے ہیں۔ امریکا جیسے مُلک میں بھی 60ء کی دہائی کے بعد آرگینک فوڈ کا رجحان شروع ہوا۔ پاکستان کے دیہات میں تو ویسے ہی خالص اشیاء استعمال ہوتی تھیں اور اب بھی ہو رہی ہیں، لیکن بڑے شہروں میں آرگینک فوڈز کا رجحان دس، پندرہ سال قبل شروع ہوا، جس میں اب کافی تیزی آگئی ہے۔
آرگینک فوڈز کھاتے پیتے گھرانوں کی زندگی کا حصّہ بن رہے ہیں اور مسرّت کی بات یہ بھی ہے کہ اب متوسّط طبقہ بھی بیماریوں سے تنگ آ کر اِس فطری خوراک کی طرف راغب ہو رہا ہے۔ آرگینک فوڈ اسٹورز میں خالص اور بغیر کسی کیمیائی ملاوٹ کے مرچ مسالے، ہلدی، اچار، آٹا، دیسی گھی، تیل، شَکر، گُڑ، جَو کا دلیہ، درجنوں اقسام کی جڑی بوٹیاں اور سبزیاں دست یاب ہیں۔ یقیناً ان کی قیمتیں نسبتاً زیادہ ہیں، لیکن جُوں جُوں مانگ بڑھ رہی ہے، مقابلے اور مسابقت کے ساتھ قیمتوں میں بھی کمی واقع ہو رہی ہے۔
اِس حوالے سے ہماری فوڈ انڈسٹری میں بھی ایک انقلاب برپا ہو رہا ہے، جب کہ پڑھے لکھے کاشت کاروں میں بھی ایسی فصلیں اُگانے کا شعور اجاگر ہو رہا ہے، جہاں وہ روایتی فصلوں کی بجائے کم سے کم رقبہ زیرِ کاشت لا کر زیادہ سے زیادہ منافع کما سکتے ہیں۔ تاہم، کسانوں کو مزید معلومات فراہم کرنے کے لیے سرکاری سطح پر منظّم مہم کی ضرورت ہے، جیسے بھارت اور دیگر ممالک میں ہو رہا ہے۔ ہمارے ہاں حال ہی میں زیتون کی کاشت کا تجربہ بے حد کام یاب ثابت ہوا۔اِسی طرح ایسی گندم کی کاشت کا تجربہ بھی کام یاب رہا، جس میں زنک کی مقدار زیادہ پائی جاتی ہے۔
س: عالمی سطح پر آرگینک فوڈ کی کیا صُورتِ حال ہے؟
ج: بیش تر ممالک میں لوگ بیماریوں سے بچنے اور قوّتِ مدافعت میں اضافے کے لیے آرگینک خوراک، جڑی بوٹیوں اور مسالوں کا استعمال کر رہے ہیں۔ ہربل میڈیسن کا استعمال تو جنون کی حد تک بڑھ رہا ہے۔ ہارورڈ یونی ورسٹی کی ایک رپورٹ کے مطابق، امریکیوں نے ایک سال میں 5 ارب ڈالرز ہربل ادویہ کی خریداری پر خرچ کیے۔
اِس وقت انٹرنیشنل فیڈریشن آف آرگینک آرگنائزیشن، آرگینک فوڈ بنانے والے دنیا کے117 ممالک کے مفادات کی نگرانی کررہی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق، 2020 ء میں آرگینک گلوبل مارکیٹ کا حجم 120 بلین ڈالر تھا، جو 2021ء میں 200 بلین ڈالرز تک پہنچ گیا اور اندازہ ہے کہ2026 ء میں یہ بڑھ کر 250 بلین ڈالر تک پہنچ جائے گا۔
س: کیا جڑی بوٹیاں بھی نامیاتی غذاؤں میں شمار ہوتی ہیں اور پاکستان میں اس کی کیا صُورتِ حال ہے؟
ج: جڑی بوٹیاں اور مسالے، طبِ یونانی اور ہومیوپیتھی طریقۂ علاج کا لازمی جزو ہیں۔ہمارے حکماء صدیوں سے اِنہی جڑی بوٹیوں سے ہر قسم کے امراض کا علاج کرتے چلے آ رہے ہیں۔ اب لوگ اِن جڑی بوٹیوں کو فوڈ سپلیمنٹس کے طور پر بھی استعمال کرنے لگے ہیں۔ نامیاتی غذاؤں کا بیش تر حصّہ انہی جڑی بوٹیوں پر مشتمل ہے۔ کیمیائی طور پر تیار کیے گئے وٹامنز کے مقابلے میں دیسی جڑی بوٹیاں زیادہ مفید رہتی ہیں۔ پاکستان کے شمالی علاقہ جات اسکردو، گلگت، سوات، چترال اور کوئٹہ کے بعض علاقے نایاب اور قیمتی جڑی بوٹیوں سے مالا مال ہیں اور مقامی لوگ اُنہیں بیچ کر روزی کما رہے ہیں۔
پاکستان اِس وقت جڑی بوٹیوں کی برآمد سے تقریباً ایک کروڑ ڈالر کما رہا ہے، لیکن یہ بھارت کے مقابلے میں بہت کم ہے، حالاں کہ دونوں ممالک کی آب و ہوا میں کوئی فرق نہیں، بلکہ ہماری جڑی بوٹیاں زیادہ معیاری ہیں، لیکن اُنھیں غلط طریقوں سے اکٹھا کرنے اور ترسیل کے مسائل کی وجہ سے اُن کی کوالٹی متاثر ہو جاتی ہے۔ شمالی علاقوں میں ایک اندازے کے مطابق 6ہزار سے زائد اقسام کی جڑی بوٹیاں پائی جاتی ہیں، جن میں سے 700سے زاید ایلوپیتھی، ہومیوپیتھی اور طبِ یونانی میں استعمال ہوتی ہیں۔ 5ہزار سے زاید پائے جانے والے پھول دار پودے اِن کے علاوہ ہیں۔
بے شمار مسالے اور جڑی بوٹیاں ہماری روز مرّہ خوراک کا حصّہ بن چُکے ہیں۔جیسے اسپغول، آملہ، 16سے زائد اقسام کی چائے، زیتون، ادرک، نیم، دار چینی، لونگ، مورنگا (سہانجنا) میتھی دانہ، گلِ بابونہ (کیمومیلا) تخم بلنگا، تُلسی، جیاسیڈز، عرقِ گلاب وغیرہ۔ مورنگا، ہمارے یہاں سہانجنا کے نام سے بطور سبزی استعمال ہوتا ہے اور امریکا کے خلائی تحقیقاتی ادارے، ناسا نے اسے درجنوں بیماریوں کا علاج قرار دیا ہے۔ امریکا اس کی برآمد سے 5ارب ڈالر کماتا ہے۔ تُلسی کا پودا اپنے فوائد کی وجہ سے بعض ممالک میں انتہائی مقدّس تصوّر کیا جاتا ہے۔ نیند اور اعصابی سکون کے لیے کیمومیلا کا استعمال کیا جاتا ہے۔بعض درختوں، کیکر اور نیم وغیرہ کی شاخیں ہمارے یہاں بطور مسواک اور درجنوں بیماریوں کے علاج کے طور پر کام آتی ہیں۔
س: حکومت اِس سلسلے میں کیا کر سکتی ہے یا اُسے کیا کرنا چاہیے؟
ج: یہ بہت اہم سوال ہے۔ سچ یہ ہے کہ آرگینک فوڈز کا شعبہ حکومت کی عدم توجّہی کا شکار ہے۔ صرف محدود تعداد میں آرگینک فوڈ ساز ادارے کام کر رہے ہیں اور شاید اِسی لیے حکومت صرف چند اداروں کے لیے اِس جھنجٹ میں نہیں پڑنا چاہتی۔ ہم نے محکمۂ صحت کے اعلیٰ حکّام سے ملاقات کرکے اُنہیں یہ بات سمجھانے کی کوشش کی ہے کہ حکومتی سرپرستی اور حوصلہ افزائی سے اِس شعبے میں سالانہ 15سے 20ارب ڈالر کا زرِمبادلہ کمایا جا سکتا ہے، کیوں کہ فی الوقت جب ہم اپنی مصنوعات برآمد کرتے ہیں، تو ہمارے پاس کسی سرکاری ادارے کا تصدیقی سرٹیفکیٹ نہیں ہوتا، جس سے عالمی ادارے ہماری پراڈکٹس کے بارے میں شکوک و شبہات کا شکار ہوجاتے ہیں۔
اگر حکومت آرگینک فوڈز کے لیے اصول و ضوابط تشکیل دے اور حوصلہ افزائی کرے، تو پاکستان بین الاقوامی مارکیٹ میں بھارت کا مقابلہ کر سکتا ہے۔ بھارت اِس وقت ہربل ٹریڈ اور آرگینک فوڈ سپلیمنٹ سے8 ارب ڈالر زسے زیادہ زرِمبادلہ کما رہا ہے۔ وہاں کالجز اوریونی ورسٹیز میں آیورویدک طریقِ علاج کے باقاعدہ شعبے قائم ہیں اور عام مارکیٹ میں ایلوپیتھک میڈیسن اسٹور کے ساتھ آیور ویدک پراڈکٹس کی بھی دُکانیں موجود ہیں۔
علاوہ ازیں،حکومت کسانوں کو آرگینک فصلیں اُگانے کی تربیت بھی دے سکتی ہے۔ اگر ایک ایکڑ پر صندل کاشت کی جائے ،تو چھے سات برس میں اس کی لکڑی ایک کروڑ فی ایکڑ منافع دے سکتی ہے، یہی حال زعفران، زیتون اور دوسری قیمتی فصلوں کا ہے، جو کم رقبے میں کاشت کے باوجود انتہائی منافع بخش ہیں۔ ہمارے بزرگ اور اب تو ماہرینِ غذائیات بھی کہتے ہیں کہ نزلہ زکام، کھانسی، اعصابی کم زوری، بے خوابی اور قوّتِ مدافعت کا علاج ہمارے کچن میں موجود گرم مسالوں، جڑی بوٹیوں اور دیسی مشروبات سے کیا جا سکتا ہے۔
س: اروما تھراپی کیا ہے؟
ج : یہ ہزاروں برس پرانا طریقۂ علاج ہے۔ قدیم فراعنۂ مصر جڑی بوٹیوں اور مسالوں سے کشید کردہ عرقیات، روغنیات اور خوش بُوئوں کے ذریعے ممیوں کو حنوط کرتے تھے۔ پھر عرصۂ دراز تک یہ طریقۂ علاج معدوم رہا۔ اب جدید سائنس کی روشنی میں یہ طریقہ دوبارہ مقبول ہو رہا ہے۔ اس کی بنیاد جڑی بوٹیوں، پھولوں، پودوں اور پتّوں کی خوش بُو ہے، جو دماغ میں موجود امراض، جذبات اور کیفیات سے متعلق ہارمونز کو متحرّک کرتی ہے۔ ہمارے تمام جذباتی اور جسمانی افعال دماغی ہارمونز ہی کی تحریک سے جنم لیتے ہیں۔
اروما تھراپسٹ کو علم ہوتا ہے کہ کون سی خوش بُو دماغ کے کس ہارمون کو متحرّک کرتی ہے۔ ہمارے یہاں عطریات، اگربتی اور ہرمل کی دھونی برس ہا برس سے مستعمل ہے۔ پرانے زمانے میں خوش بُو کے کرشمات محض ایک تصوّر تھا، جنہیں اب جدید سائنسی ریسرچ نے درست ثابت کر دیا ہےکہ ہر خوش بُو کے پُراسرار خواص ہمارے پیچیدہ دماغی نیٹ ورک کے مخصوص ہارمونز کو متحرّک کرکے ہماری جسمانی اور ذہنی کیفیات میں تبدیلیوں کو جنم دیتے ہیں۔