ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو کا وعدہ ہے کہ باتیں نہیں کام کریں گے۔
مرتضیٰ وہاب نے گلبرک چورنگی پرسڑک کی ازسر نو تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میری طرف سے تمام جمہوریت پسندوں اور عوام کو پرانا پاکستان مبارک ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ گلبرک میں جس سڑک کا ازسر نو تعمیر کررہے ہیں یہ ڈسٹرکٹ سینٹر ل کا حصہ ہے، سندھ حکومت نے اس سڑک کی تعمیر نو شروع کردی ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ 45 کروڑ روپے کی لاگت سے یہ سڑک 30 جون سے قبل مکمل کریں گے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی کا کہنا تھا کہ شہر میں پارکس اور لوگوں کے لیے سیاحتی مقامات بحال کررہے ہیں، شہر کے مختلف انڈر پاسز کو بھی بحال کررہے ہیں، کئی انڈر پاسز کی تعمیر مکمل کرچکے ہیں۔