• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کا چیف الیکشن کمشنر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر جانبدار ہے، یہ پی ٹی آئی کو خراب کرنے کا کوئی موقع جانے نہیں دیتے۔

پشاور میں کارکنوں اور پارٹی رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خا ن نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کے پاس مزید عہدے پر رہنے کا اخلاقی جواز نہیں، ہم ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ 60 فیصد کابینہ ضمانت پر ہے، ملک کے بڑے ڈاکوؤں کو ہم پر مسلط کیا گیا، بڑے ڈاکو پیسہ باہر لے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے سب سے زیادہ کسانوں کو فائدہ پہنچایا، امریکا نے ایران میں بھی حکومت بدلی، وہاں بھی پہلے پیسہ چلایا پھر میڈیا اور سیاست دانوں کو خریدا، امریکا اسی طرح ملکوں میں حکومتیں تبدیل کراتا ہے، چلی میں بھی اسی طرح حکومت تبدیل کرائی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلی بار ایسے وزیراعظم کو ہٹایا گیا جس پر کوئی کرپشن کا الزام نہیں، آج بھی پاکستان سستا ترین ملک ہے، آج بھی دنیا میں ہر جگہ مہنگائی ہے، ہم نے زیادہ ٹیکس اکٹھا کیا، یہ ایف بی آر کو کمزور کریں گے، کیونکہ ان میں چور بیٹھے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ہم نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کو کم رکھا، شوگر مافیا کا مقابلہ کیا اور کسانوں کو پوری قیمت دلوائی، انتظار کررہا ہوں نور عالم اپنے حلقے میں آکر لوگوں سے ووٹ مانگے۔

سابق وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ہماری حکومت کو اس وقت گرایا گیا جب ہم مشکل وقت سے نکل چکے تھے، شہباز شریف پر 16 ارب روپے کے کرپشن کے کیسز ہیں، وزیراعظم بنتے ہی ایف آئی اے میں اپنے بندے بٹھائے۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین کا یہ بھی کہنا تھا کہ نیب کو تباہ کریں گے، جہاں ان کے کیسز پڑے ہیں، ایف بی آر کو خراب کریں گے تاکہ اپنے ٹیکسز بچائیں، یہ ملک کے تمام ادارے کمزور کر رہے ہیں، یہ شریف خان کی تفتیش کرنے والوں کو تنگ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف قوم کو کھڑا ہونا ہوگا، قوم کا مستقبل خطرے میں ہے، جس لیڈر کے پیسے بیرون ملک پڑے ہوں وہ کچھ نہیں کرسکتا، ان چوروں کے خلاف کارکنوں کوعوام کو تیار کرنا ہے، جمعرات کی رات شب ملک کے مستقبل کے لئے دعا مانگیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں فیصلہ کن وقت ہے، آج یہاں آنے کا مقصد آپ سب کو اسلام آباد کی کال دینا ہے۔

قومی خبریں سے مزید