• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی کا ملک بھر میں الیکشن کمیشن دفاتر کے باہر احتجاج ختم

فائل فوٹو
فائل فوٹو

کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے صوبائی الیکشن کمیشن کے دفاتر کے باہر احتجاج کیا گیا، پی ٹی آئی کے اراکین صوبائی اور قومی اسمبلی بھی احتجاج میں شریک ہوئے۔

اسلام آباد میں احتجاج ،الیکشن کمیشن PTI کے منحرف ارکان کیخلاف جلد فیصلہ کرے

اسلام آباد میں ٹی آئی ارکان نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا، ان کاکہنا تھا کہ ہم الیکشن کمیشن کے جانبدار رویہ کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔

مظاہرین نے کہا کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کے خلاف جلد فیصلہ کرے، الیکشن کمیشن ن لیگ اورپیپلزپارٹی غیر ملکی فنڈنگ کیس کیخلاف پی ٹی آئی درخواست پر بھی جلد فیصلہ کرے۔

پی ٹی آئی کا یہ احتجاجی مظاہرہ کچھ دیر جاری رہنے کے بعد ختم ہوگیا۔

کراچی میں الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج، فردوس شمیم کا خطاب

کراچی میں صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر پی ٹی آئی کے احتجاج کے سبب پولیس کی نفری موجود ہے، رہنما پی ٹی آئی فردوس شمیم نے مظاہرین سے خطاب کیا۔

فردوس شمیم کا کہنا تھا کہ ہم چیف الیکشن کمشنر راجا سلطان کے خلاف احتجاج کررہے ہیں، پاکستان میں 70 سال سے ہارس ٹرینڈنگ ہو رہی ہے، آج تک کسی کو سزا نہیں دی گئی۔

کراچی میں پی ٹی آئی کارکنوں نے الیکشن کمیشن سے سندھ ہائی کورٹ کی طرف مارچ کیا، اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری سندھ ہائی کورٹ کے اطراف تعینات کردی گئی اور ہائی کورٹ کے دروازے پولیس نے بند کر دیئے۔

اس کے بعد مظاہرین دوبارہ الیکشن کمیشن کے دفتر پہنچ گئے جس کے بعد مظاہرہ ختم کرکے مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔

لاہور میں احتجاج، الیکشن کمیشن رویہ درست کرے ، میاں محمودالرشید

لاہور میں تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں نے الیکشن کمیشن آفس کے باہر مظاہرہ کیا جس سے خطاب کرتے ہوئے میاں محمودالرشید نے کہا کہ الیکشن کمیشن رویہ درست نہیں کرے گا تو روزانہ مظاہرہ کریں گے۔

میاں محمودالرشید کا کہنا تھا کہ ہم اس لئے احتجاج کر رہے ہیں کہ الیکشن کمیشن جانبدار ہے، متعصب ہے، لوٹوں کا ریفرنس بھیجے ایک ہفتہ گزر گیا، الیکشن کمیشن فیصلہ نہیں کر رہا۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آئندہ الیکشن کی تیاری کرے ۔

بھکر، فیصل آباد میں ضلعی الیکشن کمیشن دفاتر کے باہر احتجاج

بھکر اور فیصل آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر کارکنان نے ضلعی الیکشن کمیشن دفاتر کے باہر احتجاج کیا۔

پر امن احتجاج ہمارا جمہوری حق ہے، فرخ حبیب

مرکزی رہنما تحریک انصاف فرخ حبیب کاکہنا ہے کہ پر امن احتجاج ہمارا جمہوری حق ہے، کنٹینرز لگا کر راستے بند کیے گئے لگتا ہے امپورٹڈ حکومت کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں۔

فرخ حبیب نے کہا کہ گزشتہ سال اسی الیکشن کمیشن کے باہرپی ڈی ایم نےاحتجاج کیا تھا، ہم نے اس وقت ان کو اجازت اور سیکیورٹی سمیت تمام سہولتیں فراہم کی تھیں۔

پشاور میں الیکشن کمیشن آفس کے باہر احتجاج

پشاور میں بھی پی ٹی آئی کے کارکن الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر جمع ہونا شروع ہوئےجبکہ الیکشن کمیشن کے دفتر کے اندر اور باہر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے۔

قومی خبریں سے مزید