• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے امریکی ناظم الامور انجیلا ایگلر کی ملاقات

وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے اسلام آباد میں امریکی ناظم الامور انجیلا ایگلر نے ملاقات کی ہے۔

مفتاح اسماعیل اور انجیلا ایگلر کی ملاقات میں سیکریٹری خزانہ اور سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔

ملاقات کے اعلامیے کے مطابق امریکی ناظم الامور نے وزیر خزانہ کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی اور نئی حکومت کو امریکی حکومت اور عوام کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔

وزیرخزانہ نے دوران ملاقات نئی حکومت کے معاشی ایجنڈے اور پالیسیوں پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ پاک امریکا طویل المدتی، وسیع البنیاد اور کثیر جہتی تعلقات ہیں، ان پالیسیوں کا مقصد معاشی اور مالیاتی استحکام لانا ہے۔

مفتاح اسماعیل نے مزید کہا کہ امریکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انجیلا ایگلر نے دوران گفتگو کہا کہ دونوں ممالک کے مابین اچھے تعلقات ہیں، دو طرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی حمایت کرتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید