اسلام آباد(نمائندہ جنگ) وزیراعظم شہباز شریف نے چینی کی برآمد پر پابندی عائد کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ پہلے عوام کی ضرورت کو پورا اور قیمتوں کو مستحکم کیا جائے انہوں نے ذخیرہ اندوزی بھی روکنے کا حکم دیا ہے۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ملک میں چینی کا ذخیرہ اور قیمت مستحکم رکھنے کیلئےچینی کی برآمد پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیاہے اور ہدایت کی ہے کہ پہلے عوام کی ضرورت کو پورا کیاجائے اور چینی کی قیمت کو مستحکم کیاجائے۔ وزیراعظم نے سمگلنگ کے خلاف سخت اقدامات کا بھی حکم دیا اور ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزوں، ناجائز منافع خوروں اور مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے۔ وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو اپنے احکامات پر موثر عمل درآمد سے مسلسل آگاہ کرنے کی بھی ہدایت کی ۔وزیراعظم نے خبردار کیاکہ اس سلسلہ میں غفلت اور کوتاہی ہوئی تو متعلقہ افسراور عملہ ذمہ دار ہو گا۔